بہبود آبادی پروگرام کی کامیابی کیلئے منظم آگاہی مہم پر عملدرآمد ہونا چاہیے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

بدھ 20 مارچ 2024 20:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2024ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹرز)کاشف رضا اعوان نے کہا ہے کہ بہبود آبادی پروگرام کی کامیابی کیلئے منظم آگاہی مہم پر وسیع انداز میں عملدرآمد ہونا چاہیے ،اس سلسلے میں شادی شدہ جوڑوں کو چھوٹے کنبے کی اہمیت سے آگاہ کرنے کیلئے معاشرے کے بااثر طبقات کی معاونت حاصل کی جائے۔یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے پاپولیشن ویلفیئر کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ،جس میں ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر طیبہ اعظم، صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مولانا محمد حفیظ،پیر صدیق الرحمن، سی ای اوز ہیلتھ وایجوکیشن ڈاکٹر اسفندیار،کاشف ضیاء،دیگر محکموں کے افسران و این جی اوز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرزنے کہا کہ آبادی کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے خواتین کے ساتھ مردوں میں بھی احساس پیدا کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے وسیع آگاہی مہم پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کو برقرار رکھنے کے لئے بہبود آبادی پروگرام کے پیغام کو گھر گھر پہنچایا جائے اور ڈیوٹی پر مامور سٹاف کی کارکردگی واضح طور پر نظر آنی چاہیے۔

انہوں نے پروگرام کی کامیابی میں علماء کرام کی خدمت حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹرینرز اپنے فرائض تندہی سے انجام دیں، جمعہ کے خطبات میں علماء کرام کے ذریعے لوگوں کو کم بچے خوشحال گھرانہ کا پیغام پہنچایا جائے، اس ضمن میں محکمہ موثر اقدامات بروئے کار لائے۔ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر نے بہبود آبادی پروگرام کے حوالے سے ماہانہ کارکردگی سے آگاہ کیا اور کہا کہ فیملی پلاننگ آگاہی کے علاوہ دیگر پروگرامز منعقد کئے گئے ہیں جبکہ فیملی ہیلتھ کلینکس پر شادی شدہ جوڑوں کو فیملی پلاننگ سے متعلق رہنمائی بھی فراہم کی جارہی ہے۔اس موقع پر کمیٹی کے ارکان میں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔