انگلینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ ویمن کو 4وکٹوں سے شکست دے دی

منگل 2 اپریل 2024 09:30

ویلنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) برطانوی خواتین ٹیم نے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں میزبان نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیم کو 4 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی، انگلینڈ کی ویمن ٹیم نے 208 رنز کا مطلوبہ ہدف 41.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔انگلینڈ ویمن کی وکٹ کیپر بلے باز ایمی جونز نے 92 رنز کی ناقابل شکست انفرادی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا ، اس عمدہ کارکردگی پر ان کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بیسن ریزرو ویلنگٹن میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے ابتدائی ون ڈے میچ میں انگلینڈ ویمن ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بعد میں درست ثابت ہوا ۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.2 اوورز میں 207 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے مہمان برطانوی خواتین ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 208 رنز کا ہدف دیا۔

نیوزی لینڈ کی اوپننگ بلے باز سوزی بیٹس 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں،برناڈائن بیزوائیڈن ہاٹ35 اور کپتان ایمیلیاکر نے24 رنز بنائے۔انگلینڈ ویمن کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے لارین بیل اور چارلی ڈین نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،کیٹ کراس نے دو جبکہ نیٹ سکیور برنٹ اورایکلسٹون نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

جواب میں ایمی جونز کی ناقابل شکست 92 رنز کی انفرادی اننگز کی بدولت انگلینڈ کی ویمن ٹیم نے 208 رنز کا مطلوبہ ہدف 41.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے نیوزی لینڈ کو میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ایمی جونز ناقابل شکست 92اور چارلی ڈین ناقابل شکست 42 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیس کر اور کپتان ایمیلیا کر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں ، انگلینڈ کی ایمی جونز کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔\932