ہیکرز معلومات چرانے کیلئے 12 نئی ایپلی کیشنز استعمال کر رہے ہیں، وزارتوں کو مراسلہ ارسال

نئی چیٹ ایپلی کیشنز کے ذریعے ٹریپ کرکے اہم معلومات تک رسائی کی کوشش کی جارہی ہے،ذرائع

منگل 2 اپریل 2024 21:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) کابینہ ڈویژن نے ہیکرز کی جانب سے معلومات چرانے کے لیے 12 نئی چیٹ ایپلی کیشنز کے استعمال پر تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنزکو مراسلہ بھجوادیا۔ذرائع کے مطابق ہیکرز مجموعی طورپر 132 ایپلی کیشنزکے ذریعے اہم معلومات تک رسائی کی کوشش کررہے ہیں اور اب ہیکرز نے معلومات چرانیکے لیے 12 نئی چیٹ ایپلی کیشنز کا استعمال بھی شروع کیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نئی چیٹ ایپلی کیشنز کے ذریعے ٹریپ کرکے اہم معلومات تک رسائی کی کوشش کی جارہی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ مراسلے میں ایپلی کیشنز انسٹال کرنے والے افسران کو انٹرنیٹ منقطع کرنے اور معروف اینٹی وائرس انسٹال کرکے اپنے موبائل فون اسکین کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق مراسلے میں ناقابل اعتبار ایپلی کیشنز سے انسٹالیشن نہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ انجان وائی فائی نیٹ ورک بھی استعمال نہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔