ایس ای سی پی نے شریعت کے مطابق بروکریج سروسز پر پوزیشن پیپر جاری کیا

منگل 9 اپریل 2024 22:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2024ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے پاکستان کی سیکیورٹیز مارکیٹ کے لیے شریعہ کے مطابق بروکریج خدمات کی سہولت فراہم کرنے کے لیے سیکیورٹیز بروکرز (لائسنسنگ اور آپریشنز) ریگولیشنز، 2016 میں ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔ ترامیم کا مقصد بروکریج ہاؤس کی خدمات فراہم کرنا ہے جو کہ شریعت کے مطابق بروکریج خدمات پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ترامیم کے ذریعے بروکرز کے لیحدہ ذیلی اداروں کا قیام، ونڈو آپریشنز کی سہولت کی پیشکش یا پہلے سے موجود بروکرز سروسز کا مکمل طور پر شریعت کے مطابق بروکریج ہاؤس میں تبدیل کرنا شامل ہے۔ ایسے سیکیورٹیز بروکرز شریعہ گورننس ریگولیشنز، 2023 کی تعمیل میں، اور ایس ای سی پی کی طرف سے جاری کردہ اسلامی مالیاتی خدمات کی پیشکش کے لیے قوائد پر عمل کرتے ہوئے شریعہ کے مطابق کمپنی کا سرٹیفکیٹ حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

ایسے بروکرز مناسب داخلی کنٹرول لاگو کریں گے اور مفادات کے کسی بھی ٹکراؤ سے نمٹنے اور کسٹمر کے مفاد کے تحفظ کے لیے پالیسیاں ترتیب دیں گے۔اس سلسلے میں ایس ای سی پی نے زیڈ ایل کے اسلامک فنانشل سروسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو اسلامک بروکریج سروسز کا لائسنس جاری کر دیا ہے۔ توقع ہے کہ نئے ضوابط بروکریج انڈسٹری میں اسلامی مالیاتی خدمات پیش کرنے کے لیے موجودہ بروکرز کو سہولت فراہم کریں گے۔ اس کا مقصد مارکیٹ میں پائیدار ترقی کو فروغ دینا، اہم اقتصادی شعبوں میں طویل مدت میں سرمایہ کاری کی کوششوں اور ملک میں مالی شمولیت کو تقویت دینا ہے۔