ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:29

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مدینہ ٹاؤن کے وائی بلاک پختہ تجاوزات کو مسمار اور غیر قانونی تعمیر پر ایک پلاٹ کو سر بمہر کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مدینہ ٹاؤن میں انسپکشن کی تو پلاٹ نمبر 27Y104 کے سامنے ناجائز تھڑے اور دیگر تعمیرات کر رکھی تھیں جنہیں ٹریکٹر اور دیگر مشینری کو بروئے کار لاتے ہوئے مسمار کر کے جگہ کلیئر کر دی گئی جبکہ لے آؤٹ پلان کے مطابق کیمونٹی سنٹر کے لئے مختص کوہ نور ٹاؤن کے پلاٹ نمبر 166 میں ناجائز طور پر مارٹ بنانے پر پلاٹ کو سیل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں عارضی یا پختہ تجاوزات قائم کرنے سے اجتناب کیا جائے بصورت دیگر قصورواروں کے خلاف چالان کرنے کے علاوہ تجاوزات کے لئے استعمال ہونے والا سامان بھی قبضہ میں لے لیا جائے گا۔ مزید براں تعمیرات میں بلڈنگ بائی لاز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اس سلسلے میں بلڈنگ پلان کی عدم منظوری پر تعمیرات کو مسمار بھی کیا جاسکتا ہے لہٰذا قانون شکنی سے گریز کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :