ملتان،گرجا گھروں میں اتوار کو سیکورٹی کے فول پروف انتظامات

اتوار 21 اپریل 2024 14:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2024ء) سی پی او ملتان صادق علی کی ہدایت پر ضلع ملتان میں اتوار کے روز گرجا گھروں میں ہونے والی عبادات کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔ترجمان ملتان پولیس کے مطابق گرجا گھروں کی سیکورٹی کیلئے متعدد پولیس افسران واہلکار تعینات کیے گئے، پولیس اہلکاروں کے ساتھ معاون دیگر سیکورٹی اداروں نے بھی گرجا گھروں کے اردگرد ماحول اور غیر متعلقہ افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھی،گرجا گھروں کی چھتو ں پر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔

سی پی او ملتان منصور الحق رانا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایسے مقامات کی سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے، مسیحی برادری سمیت تمام شہریوں کی حفاظت ہمارے اولین فرائض میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سی پی او ملتان کے احکامات کی روشنی میں پولیس لائنز ملتان میں جدید طریقہ تفتیش کے حوالے سے ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔جس میں ضلع ملتان کے مختلف تھانہ جات سے آئے تفتیشی افسران نے حصہ لیا۔ایس ایس پی انوسٹی گیشن ملتان نے ٹریننگ سیشن کے شرکاء کو بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے،آئی ٹی کے استعمال سے جدید طریقہ تفتیش اختیار کرتے ہوئے زیر تفتیش مقدمات کو بروقت میرٹ پر یکسو کیا جا سکتا ہے۔