دینی طلبہ کابنیادی مقصد رضائے الٰہی کاحصول ہونا چاہی:ڈاکٹرراغب نعیمی

پیر 22 اپریل 2024 21:00

دینی طلبہ کابنیادی مقصد رضائے الٰہی کاحصول ہونا چاہی:ڈاکٹرراغب نعیمی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2024ء) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاکہدینی طلبہ کابنیادی مقصد رضائے الہیٰ کاحصول ہونا چاہے۔والدین اپنے بچوں کو عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم کے زیور سے بھی آراستہ کریں۔اساتذہ اورطلبہ کو زیادہ سے زیادہ اپنے آپ کو علم کے لیے وقف کردینا چاہیے، ہمارا اوڑھنا بچھونا علم ہونا چاہیے۔

ایک استاد کو دانشمندی ‘حکمت اور اچھے انداز کے ساتھ لوگوں تک علم پہنچانا چاہیے۔ اساتذہ طلبہ کی تعلیم کیساتھ بچوں کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ کے نئے تعلیمی سال کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔افتتاحی سیشن میں پہلا سبق شیخ الحدیث مفتی عبدالعلیم سیالوی نے پڑھایا۔

(جاری ہے)

تقریب میں مفتی انور القادری، مولانا غلام نصیر الدین چشتی، مولانا محبوب احمد چشتی، مولانا کلیم فاروقی، مفتی محمد عمران حنفی، مولانا ارشد جاوید قادری ، مولانا محب الرسول، مفتی محمد عارف حسین، مفتی سید زین العابدین شاہ، مولانا غلام مرتضیٰ نقشبندی،مولاناغلام یاسین قادری،قاری ذوالفقار احمد،قاری محمدرفیق احمدنقشبندی ،قاری اشفاق قصوری سمیت جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ، مدرسین نے شرکت کی۔

اس موقع پرشیخ الحدیث مفتی عبدالعلیم سیالوی نے اپنے خطاب میں کہاکتعلیم اور علم انسانی زندگی میں ایک روشن چراغ کی مانند ہیں جن کی روشنی میں ہی انسان صحیح راہ کا انتخاب کرسکتا ہے۔حصول علم اس بات کا متقاضی ہے کہ محض سطحی علوم یعنی ڈگری کے حصول کے لئے محض نصابی کتابوں یا سرگرمیوں پر قناعت نہ کریں بلکہ علم کے سمندر میں غوطہ زنی کر کے وہ گوہر آبدار بن کر نکلیں جس کی رعنائی سے دنیا متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔دینی طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ انتہائی خوش قسمت ہیں کہ مالکِ کائنات نے آپ کو وارثین انبیاء کی صف میں شامل کردیا ہے۔ یہ آپ کی انتہائی سعادت مندی و نیک بختی ہے کہ رب العالمین نے اس عظیم ترین وراثت کے لیے آپ کاانتخاب فرمایا ہے۔

متعلقہ عنوان :