ایرانی صدر کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، کاٹی

توانائی، گیس کے منصوبوں اور دوطرفہ تجارت پر زور دیا جائے، صدر جوہر قندھاری

پیر 22 اپریل 2024 23:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2024ء) کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ( کاٹی ) کے صدر جوہر قندھاری نے ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی گی، ماضی میں ہونی والی کشیدگی ختم ہوگی اور تجارتی اور برادرانہ تعلقات میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

جوہر قندھاری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں لیکن بدقسمتی سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اس طرح فروغ نہیں پائی جس طرح ہونی چاہیے تھی، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔صدر کاٹی نے کہا کہ ایران توانائی خاص طور پر گیس اور پیٹرولیم مصنوعات میں پاکستان کی مدد کر سکتا ہے۔ پاک ایران گیس پائپ لائن کے مسئلہ کا بھی حل نکالا جائے۔ جوہر قندھاری نے کہا کہ ایران سے کم قیمت پر گیس کی خریداری سے صنعتوں کے دشواری میں کمی لائی جاسکتی ہے، جبکہ ایران سے مقامی کرنسی یا بارٹر ٹریڈ کی راہ ہموار کی جائے تاکہ پاکستان کا ایکسپورٹ بل کے ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر پر بھی دباؤ کم کیا جاسکے۔#