صوبائی وزیر خوراک کی زیر صدارت خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی اور جاری منصوبوں پر پیش رفت بارے جائزہ اجلاس

پیر 22 اپریل 2024 20:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ شہریوں کومعیاری خوراکی مصنوعات کی فراہمی کیلئے خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی استعداد کار بڑھانے کے لئے صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے اور سات موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے بعد عنقریب مزید پانچ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کیساتھ ساتھ سٹیٹ آف دی آرٹ لیب کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی اور جاری و نئے مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت بارے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اشتیاق خان اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر عبد الستار شاہ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو ڈائریکٹر جنرل نے فوڈ اتھارٹی کی کاکردگی اور جاری و مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ لیب پر کام آخری مراحل میں ہے جسے جلد حتمی شکل دی جائے گی اور پانچ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کی خریداری بھی مکمل ہو چکی ہے جس سے فیلڈ میں موقع پر خوردونوش اشیاء کے نمونوں کی ٹیسٹنگ کا آغاز عنقریب کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر کو مزید بتایا گیا کہ صوبے کے 21 اضلاع میں فوڈ سیفٹی ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور مزید کچھ ضم اضلاع سمیت چھ اضلاع میں توسیع بھی دی جائے گی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے ہدایت دی کہ جاری منصوبوں کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے اور شفافیت کو ہرصورت یقینی بھی بنایا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں تک معیاری خوراک کی رسائی یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت ہمہ وقت تیار ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔