جشن بہاراں پولو ٹورنامنٹ 2024ء کو شایان شان انداز میں منایا جائے گا، سیکرٹری سیاحت و ثقافت

پیر 22 اپریل 2024 21:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے جشن بہاراں پولو ٹورنامنٹ 2024ء کے انعقاد کیلئے سیکرٹری سیاحت و ثقافت رانا سلیم محمد افضل کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا،جس میں جشن بہاراں پولوٹورنامنٹ،جی بی پولو کے انتخاب کا معیار اور پریکٹس کے لیے شیڈول اور شندور پولو ٹورنامنٹ2024ء کے لیے میچز و تربیتی کیمپ کے قیام کے حوالے سے تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔

اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ جشن بہاراں پولو ٹورنامنٹ 2024ء کو شایان شان انداز میں منایا جائے گا۔اس موقع پر سیکرٹری سیاحت و ثقافت رانا محمد سلیم افضل نے کہا کہ جشن بہاراں پولو ٹورنامنٹ گلگت بلتستان میں سیاحت و ثقافت کی ترقی وترویج اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ایونٹ ہے جس سے گلگت بلتستان کا مثبت تشخص ملکی اور عالمی سطح پر اجاگر ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولو کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پولو کھیل کو یہاں دلچسپ اور منفرد مقام حاصل ہے اس لیئے حکومت گلگت بلتستان پولو کے فروغ کیلئے پولو میچز کا بہت جلد آغاز کرنے جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہرسال مختلف ایونٹس کا اہتمام کرے گی،جس سے خطے میں سیاحت کو فروغ ملے گا اور حکومت گلگت بلتستان کی ہمیشہ سے یہی کوشش رہی ہے کہ گلگت بلتستان میں سیاحت اور کھیلوں کو فروغ دیکر خطے کے بہترین امیج کو پوری دنیا میں اجاگر کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :