ای بائیکس پورٹل کے ذریعے 1 لاکھ سے زائد طلبہ نے رجسٹریشن کروالی

منگل 23 اپریل 2024 21:43

ای بائیکس پورٹل کے ذریعے 1 لاکھ سے زائد طلبہ نے رجسٹریشن کروالی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) پنجاب آئی ٹی بورڈ کا حکومتِ پنجاب کےلئے وضع کردہ ای بائیکس پورٹل کے ذریعے اب تک 1 لاکھ سے زائد طلبہ رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ طلبہ کی جانب سے موٹر سائیکل کے حصول کےلئے اب تک 16 ہزار سے زائد آن لائن درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں 13 ہزار سے زائد طلبہ نے پٹرول بائیکس جبکہ 3 ہزار سے زائد طلبہ نے ای بائیکس کےلئے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔

اس تعلیم دوست اقدام کے تحت 20 ہزار ڈاون پیمنٹ اور بائیک کی ماہانہ اقساط پر مارک اپ بھی حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ طلبا و طالبات کا بائیکس حاصل کرنے کےلئے سرکاری یا نجی گریجوایٹ کالج/ یونیورسٹی کا ریگولر طالبعلم ہونا ضروری ہے جبکہ عمر 18 سال سے زائد اور ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ کا ہونا بھی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں لاہور، ملتان، فیصل آباد، بہاولپور اور راولپنڈی کے طلبہ میں ای بائیکس تقسیم کی جائیں گی جبکہ باقی اضلاع میں پٹرول بائیکس تقسیم کی جائیں گی جس کےلئے درخواستیں دینے کی آخری تاریخ 29 اپریل مقرر کی گئی ہے۔

طلبہ bikes.punjab.gov.pk پردرخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ اس شفاف نظام کے ذریعے طلبہ کو بائیکس کےلئے درخواست دینے اور حصول میں بہت زیادہ آسانی ہوئی ہے۔