لیسکو کا بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ،مزید 5 ملزمان گرفتار

بدھ 24 اپریل 2024 12:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے،مزید 5 ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 5 ملزمان کو بجلی چوری کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا، مجموعی طور پر 264 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے 110 کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔

پکڑے جانے والے کنکشنز میں 10 کمرشل، 1 زرعی،1 انڈسٹریل اور252 ڈومیسٹک تھے۔تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 1لاکھ 77 ہزار 4سو93 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 58 لاکھ 77 ہزار3سو 73روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔

(جاری ہے)

ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔

پتوکی کے علاقے میں کنکشن کو 36 ہزار روپے ، مرید کے میں ایک کنکشن کو20ہزار روپے ، ساتھ کینٹ کے علاقے میں ایک ملزم کو 10 ہزار روپے اورپاکپتن میں ملزم کو 35 ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔انسداد بجلی چوری مہم کو 218 روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 73 ہزار 9 سو 97 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 71 ہزار 2 سو 79ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر 29 ہزار9 سو 69 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

بجلی چوروں کو اب تک 8 کروڑ 95 لاکھ 79 ہزار 5 سو18 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3ارب34 کروڑ 84 لاکھ 1 ہزار9سو 95 روپے ہے۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :