گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں میں سکلز انوویشن ڈے کا انعقاد، طلبا کے تیارکردہ مختلف ماڈلز کی نمائش کی گئی

بدھ 24 اپریل 2024 16:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں طلبا کی جانب سے اعلی مہارتوں کے عملی مظاہرہ کے لئے تیار کردہ آلات و ماڈلز کی نمائش کے سلسلہ میں سکلز انوویشن ڈے کا انعقاد کیاگیا،جس کے مہمان خصوصی ڈائریکٹرٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)فیصل آباد و چنیوٹ فیض احمد بزدارتھے ۔

اس موقع پرچیئرمین گول کلاتھ مارکیٹ فیصل آباد حاجی ادریس ،پرنسپل ادارہ انجینئرسعید احمد و دیگر مہمانان، سٹاف ممبران اور طلباکی بڑی تعدادبھی موجود تھی۔ اس موقع پر الیکٹریکل،کمپیوٹر ہارڈویئر،موبائل رپیئرنگ اورویلڈنگ سمیت دیگر شعبہ جات کے طلبا نے انرجی سیونگ منی ایئر کولر،ڈومیسٹک ریفریجریٹر،منی ایئر کنڈیشنر،آٹوموبائل مشین،کمپیوٹر آپریٹنگ ڈسک،مختلف الیکٹرانکس آلات،ویٹ مشین، برقی مصنوعات،سول ڈرافٹس،گھروں کے نقشوں ، شعبہ ویلڈنگ کی جانب سے سٹیل ورکس اشیا،آٹو مکینک کے متعلق سڑینگ گیئر،ڈسک بریک ماڈل اور مختلف ماڈلزکی نمائش کی۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی فیض احمد بزدار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ دھوبی گھاٹ فیصل آباد کے ہونہار،ذہین اور خداداد صلاحیتوں کے حامل طلبا نے اپنے اپنے شعبوں سے متعلق مختلف اشیاکے جو ماڈلز تیار کئے ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل فنی ہنرسے وابستہ ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کی مہارتوں کے فروغ اور ٹیکنیکل ٹریننگ کی جانب خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ انہیں مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق ہنر مند بنایا جا سکے اور انہیں باعزت روزگار کمانے کے قابل اور ملکی معیشت کے استحکام میں معاون بنایا جاسکے لہذا نوجوان ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف توجہ مرکوز کریں۔

انہوں نے کہا کہ کالج ہذا سے ٹریننگ مکمل کرنے والے نوجوانوں کو روزگار حاصل کرنے میں کوئی مشکل یا پریشانی نہیں ہوگی اور وہ جب چاہیں جہاں چاہیں اپنا روزگار شروع کرکے خاندان کی کفالت کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہنر مند افراد ملک اور قوم کا سرمایہ ہیں جن کی بھرپور حوصلہ افزائی کو ممکن بنایا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا اپنے اداروں میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے بھی تمام ممکن اقدامات کررہا ہے۔

انہوں نے اس کوشش پر سربراہ ادارہ، طلبا اور اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ قبل ازیں پرنسپل گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ دھوبی گھاٹ فیصل آبادانجینئر سعید احمد نے ادارہ کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔