ن لیگی رہنما میاں امتیاز احمد کا ایل آر بی ٹی آئی ہسپتال کا دور ہ، آنکھوں کے مختلف شعبوں کا معائنہ

بدھ 24 اپریل 2024 16:42

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی جنرل سیکرٹری و سابق ایم این اے میاں امتیاز احمد نے چوک بہادر پور کے نزدیک ایل آر بی ٹی آئی ہسپتال کے دورے کے موقع پر آنکھوں کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر جنرل منیجر کرنل عتیق الرحمن، ڈاکٹر سعید اور ڈاکٹر زین راؤ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لیٹن رحمت اللہ بینوویلنٹ ٹرسٹ پاکستان میں آنکھوں کا سب سے بڑا فلاحی ادارہ ہے رحیم یار خان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 20 ایل آر بی ٹی آئی ہسپتال موجود ہیں جو کہ خدمت خلق میں مصروف عمل ہیں، رحیم یارخان میں اس ہسپتال کا تقریباً 70 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہونے ساتھ ہسپتال کو علاج معالجے کے لیے فنکشنل بھی کر دیا گیا ہے انھوں نے مزید بتایا کہ یہ آئی ہسپتال 52 بیڈ پر مشتمل ہوگا اور اس ہسپتال میں آنکھوں کے تمام امراض کا علاج، آپریشن اور میڈیسن بھی فری ہوں گی، اس موقع پر میاں امتیاز احمد نے آئی ہسپتال کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فلاحی ادارہ رحیم یار خان کی عوام کے لیے ایک بہت بڑا تحفہ ہے جس سے عام، غریب اور مستحق لوگ مستفید ہوں گے لوگوں کی بجھی آنکھوں کی روشنی پھر سے بحال کرنے کے لئے یہ آئی ہسپتال اہم اور فعال کردار ادا کرے گا میاں امتیاز نے مزید کہا کہ لیٹن رحمت اللہ بینوویلنٹ ٹرسٹ کی جانب سے آنکھوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو بلا امتیاز و تفریق اور بلا معاوضہ خدمات سرانجام دینا قابل ستائش ہے اپنے خالق کو خوش کرنے کے لیے اس کی مخلوق کی خدمت ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

خدمت میں ہی عظمت کا راز پوشیدہ ہے۔ اور امید ہے یہ آئی ہسپتال مجبوروں اور بے کسوں کے لیے چشمہ فیض بنے گا اس موقع پر میاں امتیاز احمد نے ہسپتال میں پودا بھی لگایا اورخصوصی دعا بھی کی گئی۔