صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے میعار پر کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،صوبائی وزیر مواصلات میر سلیم احمد کھوسہ

بدھ 24 اپریل 2024 20:23

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کا کردار ریڑھ کی ہڈی کے مانند ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر میر سلیم احمد کھوسہ نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کی جانب سے محکمانہ بریفنگ کے موقع پر کیا ۔

اس موقع پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات قمبر دشتی ،ایڈیشنل سیکرٹری مواصلات و تعمیرات امیر حمزہ زہری ،چیف انجینئر ڈیزائن ڈاکٹر سجاد بلوچ اور زونل چیف انجینئر آفیسران کے علاوہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔سیکرٹری مواصلات و تعمیرات قمبر دشتی نے محکمہ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں اس وقت پچاس ہزار کلومیٹر روڈز ہیں جن میں چوبیس ہزار کلومیٹر روڈز پختہ ہیں ،صوبے کا رقبہ وسیع وعریض ہونے کی وجہ سے باقی ماندہ روڈز پختہ ہونے کے مراحل میں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی جائزہ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات کی صدارت میں ہر تین ماہ بعد لیا جا رہا ہے جس میں ترقیاتی منصوبوں کے بروقت تکمیل اور اس حوالے سے درپیش مختلف مسائل کا جائزہ لینے کے بعد سیکرٹری مواصلات و تعمیرات کی جانب سے مزید احکامات دیئے جائیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا اعلیٰ میعار یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تمام منصوبوں میں شفافیت اولین ترجیح ہوگی، مضبوط انفراسٹرکچر ہی بلوچستان کی ترقی کا ضامن ہے ۔

صوبائی وزیر نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بہترین ٹیم کا انتخاب کیا جائے تاکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے درپیش مسائل کو حل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرینگے،ایک بہترین مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دی جائے گی جو ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کوتاہی برتنے والے آفیسران کی نشاندہی کرے گی جن کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :