وفاق سستی روٹی دینا چاہتا ہے توکیا مسئلہ ہے،اسلام آباد ہائی کورٹ

بدھ 24 اپریل 2024 21:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں نان، روٹی کے سرکاری نرخ نامے کیخلاف درخواست پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اور ڈی سی آفس سے ذمے دار افسر کو آج جمعرات کوپیش ہونے کا حکم دے دیاہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں نان، روٹی کے سرکاری نرخ نامے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس طارق محمود جہانگیری نے صدر نان بائی ویلفیئر ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی،وکیل درخواست گزار نے کہاکہ 15اپریل کو جاری نوٹیفکیشن میں روٹی کی قیمت 25سے 16 اور نان کی قیمت 30سے 20روپے کی گئی، وکیل عمر اعجاز گیلانی نے کہاکہ پنجاب حکومت نے 14اپریل کو سستی روٹی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا تھا،کنٹرول جنرل نے یہ نوٹیفکیشن پنجاب حکومت کی نقل کرتے ہوئے جاری کیا،پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت نوٹیفکیشن صرف وفاقی حکومت جاری کرسکتی ہے،جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا کہ وفاقی حکومت اگر سستی روٹی دینا چاہتی ہے تو اس میں کیا مسئلہ ہے،وکیل درخواستگزار نے کہاکہ یہاں 3ہزار نانبائی ہیں سب یہاں غریب لوگ ہیں،روٹی پر کم از کم 27روپے ، نان پر 30روپے لاگت آتی ہے، نوٹیفکیشن سے اسلام آباد کے 3ہزار تندروں میں کام کرنے والے 12ہزار افراد کا روزگار خطرے میں ہے،عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اور ڈی سی آفس سے ذمے دار افسر کواج جمعرات کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

متعلقہ عنوان :