فیصل آباد،سیکرٹری یونین کونسل کی مبینہ بدنیتی کے باعث دفتر یونین کونسل 41 بچیانہ میں عرصہ دراز سے کمپیوٹر سسٹم غائب

بدھ 24 اپریل 2024 22:17

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2024ء) سیکرٹری یونین کونسل کی مبینہ بدنیتی کے باعث دفتر یونین کونسل 41 بچیانہ میں عرصہ دراز سے کمپیوٹر سسٹم غائب۔ سائلین دردر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوگئے۔ بھاری فیسوں کے عوض بچوں کے نام اور فوتیدگی اندراج کئے جانے لگے۔تفصیلات کے مطابق میاں سلیم نامی سیکرٹری یونین کونسل 41 چک نمبر657 گ ب نے مبینہ طور پر اپنی ا جارہ داری قائم کرتے ہوئے کرپشن کا بازار گرم کررکھا ہے۔

حکومت کی طرف سے سسٹم آن لائن کئے جانے پر تمام یونین کونسلز میں کمپیوٹر اور پرنٹر کی سہولت دی گئی تھی لیکن یونین کونسل 41 چک نمبر57/8 گ ب میں یہ سہولت دئیے جانے کے باوجود سیکرٹری یو سی میاں سلیم نے مبینہ طور پر کمپیوٹر اور پرنٹر و دیگر اسیسریز کو وہاں سے غائب کر دیا ہے جس کے باعث سائلین کو حصول سرٹیفکیٹس کیلئے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

جب کوئی سائل حصول سرٹیفکیٹ کیلئے یونین کونسل جاتا ہے تو اسے دو سے تین دِن کا وقت دے کر ایک سے دو ہفتے کے چکر لگوائے جاتے ہیں۔ جبکہ ایک سرٹیفکیٹ کی فیس بھی پانچ سوسے ایک ہزار روپے تک وصول کی جارہی ہے۔ اہلیان علاقہ نے اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ اور سیکرٹری بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ یونین کونسل 41میں کمپیوٹر سسٹم کو بحال کرتے ہوئے سرکاری فیس پر فوری سرٹیفکیٹس کے اجرا کو یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :