داخلہ مہم کا ہدف مکمل کرچکے ہیں ،مزید داخلے جاری ہیں،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آ فیسر

بدھ 24 اپریل 2024 22:22

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آ فیسر محمد سلیم زرکون نے کہاہے کہ داخلہ مہم کیلئے دیا گیا ہدف مکمل کرچکے ہیں ،مزید بھی داخلے جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں محکمہ تعلیم اور یونیسیف کے اشتراک سے شروع کئے گئے داخلہ مہم کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈی او ای معصوم خان لونی، ایجوکیشن منیجر عبید خان ترین، ڈی ڈی او ای لونی جلیل خان لونی، ڈی ڈی او ای فقیراللہ ترین، اے ڈی ای او دکی عنایت اللہ لونی، سی پی ڈی کے صدام خان زرکون سمیت اساتذہ کرام اور محکمہ تعلیم کے نمائندگان نے شرکت کی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد سلیم زرکون نے کہا کہ سب سے پہلے ہم نے داخلہ مہم کا پلان بنا کر پیش کیا تھا جس کے بعد ڈور ٹو ڈور کمپین، ریلی، سیمینارز، کلسٹر لیول میٹینگز اور گھر گھر مہم چلائی گئی جسکے نتیجے میں ہمیں 1483 بچوں کو سکولوں میں داخل کروانے کا ہدف دیا گیا تھا جو ہدف ہم نے حاصل کرلیا ہےجبکہ مزید داخلے بھی جاری ہیں ،ہماری کوشش ہے کہ مزید بچوں کو سکول میں داخل کروانے کیساتھ ساتھ تعلیمی نظام میں بہتری لائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان اور سیکرٹری ایجوکیشن کی ہدایات کی روشنی میں دیگر اضلاع کی طرح ضلع دکی میں بھی غیر حاضر اساتذہ کیخلاف کاروائیاں شروع کردی گئی ہیں،متعدد اساتذہ کیخلاف انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے سکول اس وجہ سے فنکشنل نہیں ہیں کہ وہاں پر اساتذہ کی اسامیاں خالی ہیں،پوری کوشش کررہے ہیں کہ سرکاری سکولوں کو مثالی بنایا جاسکے اور تعلیمی نظام کو بہترین بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے داخلہ مہم کے حوالے سے ایک گرینڈ سیمینار کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :