پنجاب بھر میں روٹی اور نان کی مقررہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنا رہے ہیں، وزیر خوراک

بدھ 24 اپریل 2024 22:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے شہریوں کو سستی روٹی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے گوجرانوالہ میں مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا اور گندم کی خریداری کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی، آر پی او طیب حفیظ چیمہ، ڈپٹی کمشنر طارق عباس، سی پی او رانا ایاز سلیم اور محکمہ فوڈ کے متعلقہ افسران بھی وزیر خوراک بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ گوجرانوالہ میں روٹی 15 روپے اور نان20 روپے میں دستیاب ہے اور پنجاب بھر میں نوٹیفائیڈ قیمتوں پر روٹی اور نان کی فروخت یقینی بنا رہے ہیں۔کسی بھی علاقے میں مہنگی روٹی اور نان کی فروخت قابلِ قبول نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں کمی سے قبل متعلقہ محکموں نے مکمل ورکنگ کی اور کسی پر جبر نہیں کر رہے بلکہ حکومت کا مشن عام آدمی کو ریلیف دینا ہے۔

بلال یاسین نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار آٹے کے تھیلے پر یکمشت500 روپے کمی کی گئی اور تازہ گندم کی دستیابی سے آٹے کی قیمت میں مزید کمی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچا رہے ہیں۔ وزیر خوراک پنجاب نے کہا کہ بازاروں میں واضح طور پر پرائس لسٹ آویزاں کروا چکے ہیں تاکہ عوام آگاہ رہیں اور کوئی مہنگی روٹی نہ بیچ سکے۔

کمشنر آفس میں ہونے والے اجلاس میں وزیر خوراک نے گندم خریداری کے انتظامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ کسانوں کو ریلیف فراہم کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب بھر میں گندم خریداری کے انتظامات مکمل ہیں اور حکومتی پالیسی کے مطابق کسانوں سے3900 روپے فی من کے نوٹیفائیڈ ریٹ پر گندم خریدی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ آنے والی فصلوں میں زرعی مداخل پر لاگت کم کرنے کیلئے 130 ارب روپے کا کسان پیکج لا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :