تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیاں طلبا میں مثبت رحجانات کو جنم دیتی ہیں،گورنرحاجی غلام علی

بدھ 24 اپریل 2024 22:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2024ء) گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی نے کہاہے کہ غیر نصابی سرگرمیاں طلبا میں مثبت رحجانات کو جنم دیتی ہیں،تعلیم کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں نوجوانوں کے لئے لازم و ملزوم ہیں، ان سے نوجوانوں کو ہمت و حوصلہ اور محنت کرنے کی لگن پیدا ہوتی ہے۔تعلیی اداروں کا مقصد طلبا کومحض درسی کتب پڑھانانہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ انہیں معاشرے کا ایک باکردار اور کارآ مد شہری بھی بنانا مقصود ہوتا ہے،کسی بھی تعلیمی ادارے میں فن فئیر، پٹ شو سمیت غیر نصابی سرگرمیاں طلبا وطالبات کیلئے مفید ثابت ہوتی ہیں جس سے طلبا مختلف مقابلوں میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکتے ہیں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کے روزخیبر گرلز میڈیکل کالج پشاورکے دورہ کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی بلوسم فیسٹا فن فئیر اور پیٹ شو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں چیئرمین بورڈ آف گورنرغلام قادرخان،کالج کے ڈین زاہدامان،فیکلٹی اراکین، ججزکاکرداراداکرنے والے ڈاکٹرعبداللہ، ڈاکٹرمحمداحمد،پروفیسر ڈاکٹرامیرمحمد،پروفیسر ڈاکٹرخالد جاوید، ڈاکٹر توصیف امان،طالبات اور دیگر نے شرکت کی۔

گورنر نے پٹ شو میں اول، دوئم اور سوئم پوزیشن لینے والوں میں میڈلز، تعریفی سرٹیفیکیٹس اور نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔گورنر نے فن فئیر میں طالبات کیجانب سے لگائے گئے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا، کھانے پینے سمیت دیگر اشیا پر مشتمل اسٹالز لگانے پر طالبات کی حوصلہ افزائی کی اور کالج میں پٹ شو میں طالبات کیجانب سے لائے گئے مختلف قیمتی نسل کے انکے پالتو جانوروں کا معائنہ کیا۔

گورنر نے پٹ شو اور فن فئیر میں طالبات کی دلچسپی کو سراہا اور طالبات کو گورنر ہاوس کا دورہ کرنیکی بھی دعوت دی جس پرطالبات نے بے حدخوشی کااظہارکرتے ہوئے گورنرکاشکریہ اداکیا۔کالج کے ڈین ڈاکٹرزاہدامان نے کالج کادورہ کرنے اور طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے پر گورنرکاشکریہ اداکیا۔ گورنرنے کہاکہ پالتو جانوروں سے طالبات کی محبت دیکھ کر خوشی ہوئی،طالبات کا اس طرح کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینا خوش آئند ہے۔

انہوں نے فن فئیر اور پٹ شو کے انعقاد پر کالج انتظامیہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔گورنرنے کہاکہ غیر نصابی سرگرمیاں انسان میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس اجاگر کرنے کا باعث بنتی ہیں،تعلیم صرف درسی کتب اور لیکچر تک محدود نہیں،بلکہ ہم نصابی سرگرمیاں بھی اس کاحصہ ہوتی ہیں، جن سے طلبا کی ذہنی، جسمانی اور اخلاقی نشوونما ہو تی ہے۔گورنرنے کہاکہ اساتذہ اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں کی اہمیت و افادیت اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور طلبہ کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کریں۔

انہوں نے کہاکہ تمام تعلیمی اداروں میں غیرنصابی سرگرمیوں میں مقابلوں کا انعقاد یقینی بنایاجائے تاکہ طلبہ کی صلاحیتیں اجاگرکرنے میں مدد مل سکے۔ جن بچوں کو برداشت اور مشکلات کے مقابلوں کی تربیت حاصل ہو وہ کل ملک کیلئے بہترین اثاثہ ثابت ہوں گے اورمعاشرے میں عدم برداشت کی صورت حال کو ختم کرنے میں اساتذہ اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین بورڈ آف گورنرزغلام قادرخان نے گورنر کو اور گورنر نے چیئرمین بورڈ آف گورنرز اور ڈین خیبر گرلز میڈیکل کالج ڈاکٹر زاہد امان کو شیلڈ پیش کی۔

گورنر نے اس موقع پر فن فئیر انتظامیہ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر توصیف امان سمیت دیگر فیکلٹی اراکین اور طالبات انتظامیہ میں تعارفی شیلڈز تقسیم کیں۔علاوہ ازیں گورنر سے نیشنل کمیشن فارھیومن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ سے آل خیبرپختونخواٹیچرزایسوسی ایشن کے 8 رکنی نمائندہ وفد نے صدر ڈاکٹرسعیدگل کی سربراہی میں بھی گورنرہاوس میں ملاقات کی۔وفد میں نائب صدر غلام رسول،جنرل سیکرٹری مولانامحمدشعیب اوردیگرشامل تھے۔

وفد نے گورنرکواین سی ایچ ڈی کے تحت کام کرنے والے اساتذہ کودرپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے گورنرکوبتایاکہ وہ گذشتہ 20 سال سے اس پروگرام کے تحت اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں،2021 سے یہ پراجیکٹ ایلمنٹری ایجوکیشن فانڈیشن کے حوالے کردیاگیا۔انہوں نے بتایاکہ وہ نہ صرف حکومت کی مقررکردہ کم سے کم تنخواہ سے محروم ہے بلکہ کئی مہینے تک تنخواہیں بھی نہیں دی جاتی۔

انہوں نے گورنرسے مطالبہ کیا کہ ان کے تنخواہوں کامسئلہ بھی حل کیاجائے اورملازمت بھی مستقل کی جائے جس پر گورنرنے وفد کو اپنی جانب سے مکمل تعاون کایقین دلایا اورکہاکہ اس حوالے سے صوبائی حکومت کے ساتھ بات کی جائیگی۔ دریں اثنا گورنرسے سابق صوبائی وزیر سیدظاہرعلی شاہ کی قیادت میں ایک نمائند ہ وفداورمسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی سردارشاہجہان یوسف نے بھی الگ الگ ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔#