موجودہ حکومت ذمہ دارانہ صحافت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، حقائق پر مبنی اطلاعات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، صوبائی سیکرٹری اطلاعات

بدھ 24 اپریل 2024 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) سیکرٹری اطلاعات و ثقافت و ڈائریکٹر جنرل محکمہ تعلقات عامہ پنجاب احمد عز یز تارڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ذمہ دارانہ صحافت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور عوام کو حقائق پر مبنی اطلاعات کی بروقت فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فیک نیوز اور بے بنیاد خبروں کی بیخ کنی کے لئے محکمہ تعلقات عامہ حقائق پر مبنی اطلاعات کو متعلقہ پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام تک پہنچائے گا تاکہ من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی مواد کی اشاعت کے رحجان کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں محکمہ تعلقات عامہ میں بریفنگ اجلاس کے موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ روبینہ افضل، تمام شعبوں کے ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

احمد عزیز تارڑ نے کہا کہ محکمہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے تاکہ عوام تک صحیح اور بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور لوگوں کو پنجاب حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور منصوبوں کے بارے بروقت آگاہی ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ دور حاضر کی متنوع ابلاغی ضروریات پوری کرنے کے لئے مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل میڈیا کا موثر استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔محکمہ ڈی جی پی آر ان جدید ابلاغی ہتھیاروں سے لیس ہو کر عوام کو مستند اطلاعات کی موثر بہم رسانی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔

متعلقہ عنوان :