Live Updates

بشری بی بی کے طبی رپورٹس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا ہے، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

بدھ 24 اپریل 2024 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے کہا ہے کہ بشری بی بی کی طبی رپورٹس اسلام آباد کے اچھی ساکھ کے حامل شفاء انٹرنیشنل ہسپتال سے آئی ہیں اور ان رپورٹس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کے نکتہ اعتراض پر وزیر قانون نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر نے بے بنیاد الزامات عائد کئے اور مبالغہ آمیزی سے کام لیا ہے جس معاملے پر اپوزیشن لیڈر نے بات کی ہے وہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے ملک کے موقر اداروں کے سربراہان پر انگلیاں اٹھائی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بشری بی بی کے حوالے سے رپورٹس اسلام آباد کے اچھی ساکھ کے حامل شفاء ہسپتال سے آئی ہے چونکہ رپورٹس درست آگئی ہیں اس لئے ایوان میں احتجاج کی گنجائش نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن نے اگر اپنی مرضی کی رپورٹس لینی ہیں تو شوکت خانم ہسپتال چلے جائیں وہاں سے وہ اپنی مرضی کی رپورٹس لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے حکومت کے ہسپتال پر اپوزیشن کی جانب سے اعتراض کیا گیا تھا اس لئے شفاء ہسپتال سے ٹیسٹ کا فیصلہ کیاگیا، ان رپورٹس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کو اگر کوئی ریلیف لینا ہے تو عدالت سے جا کر لے لیں۔

Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات