جامعہ سندھ میں ایم فل و پی ایچ ڈی کے 27 سکالرز میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد

بدھ 24 اپریل 2024 20:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) جامعہ سندھ جامشورو میں سندھ ایچ ای سی سکالرشپ کے تحت ایم فل و پی ایچ ڈی کے 27 اسکالرز کو سکالر شپ چیک دینے کیلئے وی سی سیکریٹریٹ کے سینیٹ ہال میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے طلبہ و طالبات میں چیک تقسیم کیے۔ ایچ ای سی سندھ کی جانب سے ہر سکالر کیلئے 2 لاکھ 30 ہزار روپے کی رقم بھیجی گئی، لیکن سکالرز کی داخلہ فیس اور بقایاجات کاٹنے کے بعد انہیں سکالرشپ کے چیک دیئے گئے ۔

صدارتی خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ایم فل و پی ایچ ڈی کے سکالرز کیلئے سکالرشپ کے 40 سلاٹس دیئے گئے، جن کیلئے 159 ایم فل اور 104 پی ایچ ڈی سکالرز نے درخواستیں جمع کرائیں۔

(جاری ہے)

کاغذات کی چھان بین کے بعد ایم فل کے 89 اور پی ایچ کے 50 سکالرز اہل قرار دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ سکالرز کے انٹرویوز پروفیسرز پر مشتمل سکالرشپ کمیٹی نے کیے، جس میں پی ایچ ڈی کے 46 اور ایم فل کے 74 امیدواروں نے انٹرویو میں حصہ لیا، جن میں سے 40 کا انتخاب کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سکالرشپ کمیٹی کی سفارشات پر ان 40 سکالرز کے نام سندھ ایچ ای سی کو منظوری کیلئے بھیجے گئے، لیکن بعد میں ایک شکایت موصول ہوئی کہ کچھ ملازمت پیشہ سکالرز کا بھی انتخاب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کیسز کی دوبارہ نظرثانی کرکے تصدیق کی گئی، جس کی وجہ سے ملازمت پیشہ 13 سکالرز کے چیک روک کر باقی 27 فل ٹائم سکالرز کو چیک دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سکالر کیلئے 2 لاکھ 30 روپے کی رقم مخصوص کی گئی تھی، جس میں ان کی فیس کاٹ کر باقی رقم انہیں چیک کی صورت میں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے 13 سکالرز جو ملازمت پیشہ ہیں، ان کی جگہ پر دوسرے اہل اسکالرز کو اسکالرشپ کے چیک دیئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :