صوبائی وزیر بلدیات کی زیر صدرات زرعی اراضی کے غیر ضروری کمرشل استعمال کو ریگولرائز کرنے حوالے وزارتی کمیٹی کا اجلاس

بدھ 24 اپریل 2024 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت زرعی اراضی کے غیر ضروری کمرشل استعمال کو ریگولرائز کرنے کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب کی قائم کردہ وزارتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ترجمان کے مطابق سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں شریک کنوینر وصوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری قانون اور دیگر متعلقہ افسروں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی جانب سے وزارتی کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی نے شہروں کے اردگرد زرعی اراضی کو تیزی سے ہائوسنگ سوسائٹیز میں تبدیل کرنے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ذیلی کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا جو پنجاب بھر کا ڈیٹا پیش کریں گی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ بڑھتی رہائشی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ زرعی رقبے کا دانشمندانہ استعمال بھی ضروری ہے۔

تعمیراتی مقاصد کے لئے زیادہ سے زیادہ اراضی کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے عمودی کی بجائے افقی تعمیرات کے کلچر کی طرف جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب دستیاب اراضی کا کفایت شعاری سے استعمال یقینی بنانا چاہتی ہیں۔ اس مقصد کے لئے جو اہداف دیئے گئے ہیں یہ کمیٹی ان کا حصول یقینی بنانے کے اقدامات کرے گی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ نجی رئیل اسٹیٹ بزنس میں کافی معاشی پوٹینشل موجود ہے۔

لوگوں کی ایک بڑی تعداد کا روزگار بھی اسی شعبے کے ساتھ وابستہ ہے۔ رئیل اسٹیٹ بزنس کا استحکام اور زرعی اراضی کی حفاظت دونوں یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کو قانون کے دائرے میں لانا ضروری ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ شہروں کے علاوہ خالصتا زرعی علاقوں میں بھی غیر منظور شدہ سکیمیں بن رہی ہیں۔

اس صورتحال سے نہ صرف زرعی پیدوار متاثر ہو رہی ہے بلکہ دیہات میں سیوریج کے پانی کے مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری کے میکانزم میں بہتری لانا ہوگی۔ متعلقہ محکموں کے اشتراک سے فیصلہ کر کے مرحلہ وار نفاذ یقینی بنانا ہوگا۔ سید عاشق کرمانی نے کہا کہ زیادہ کمرشل اضلاع میں ضلع کے لحاظ سے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔

متعلقہ عنوان :