پنجاب خوشحال منصوبہ کے تحت صوبہ بھر میں شاہراہوں کی بحالی و مرمت کا کام جاری ہے،صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ

بدھ 24 اپریل 2024 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے پروگرام سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال کے تحت لاہور سمیت صوبہ بھر میں شاہراہوں کی بحالی و مرمت کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کی شاہراہوں کے اردگرد نالوں کی بحالی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ بارشی پانی کے نکاس کے لیے نالوں کی صفائی و بحالی ضروری ہے۔

شاہراہوں کی تعمیر و بحالی کرتے وقت نالوں پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی،شاہراہوں کو پانی کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ سے بچانے کیلئے نالوں کا فعال ہونا ضروری ہے، انہوں نے بتایا کہ اڈہ پلاٹ تا رائیونڈ سڑک کو 15 مئی تک مکمل کر دیا جائے گا، تلہ گنگ، اٹک و خوشاب کو ملانے والی 41 کلومیٹر شاہراہ سڑکیں بحال پنجاب خوشحال پروگرام میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

1800 ملین کی لاگت سے اس سڑک پر بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔

یہ سڑک صوبہ پنجاب و کے پی کے درمیان ٹریڈ کوریڈور کے لیے اہم ہے۔ صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا تھا کہ سروسز ہسپتال کے انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے کام تیزی سے جاری ہے۔ٹائل ورک کو 85 فی صد مکمل کر دیا گیا، پینٹ اور سیلنگ ورک تیزی سے جاری ہے۔ لیڈی ایچی سن ہسپتال کی ری ویمپنگ کا کام تیزی سے جاری و آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور 10 مئی تک ری ویمپنگ کے عمل کو مکمل کر لیا جائے گا۔ صوبائی وزیرملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب شاہراہوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں کی ری ویمپنگ پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔