لاڑکانہ پولیس کی ایک ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری، 9 خطرناک ڈاکوئوں سمیت سینکڑوں ملزمان گرفتار

بدھ 24 اپریل 2024 22:20

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) ایس ایس پی لاڑکانہ میر روحل خان کھوسو کی قیادت میں لاڑکانہ پولیس نے اپنے ایک ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی، ڈاکوؤں اور سماج دشمن عناصر سے 30 مقابلوں کے دوران 9 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں جبکہ 20 جرائم پیشہ گیگز ، 69 ملزمان سمیت 33 اشتہاری اور 53 روپوش ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

ایس ایس پی لاڑکانہ کے مطابق لاڑکانہ پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف 32 مقدمات درج کر کے 32 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، گرفتار ملزمان سے 30 عدد پسٹلز، ایک ریوالور، ایک شارٹ گن اور بھاری مقدار میں گولیاں برآمد کی گئیں۔ لاڑکانہ پولیس نے ڈرگ ڈیلرز کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ماہ کے دوران 53 منشیات فروش ملزمان کو گرفتار کرکے 49 مقدمات درج کرلیے، گرفتار ڈرگ ڈیلرز سے 38 کلو 640 گرام چرس، 1145 گرام آئس، 750 گرام ہیروئین، شراب کی 46 بوتلیں، 21 کلو 225گرام گٹکا، 19 کلو بھنگ برآمد کرلی گئی جبکہ مختلف مقامات پر کارروائیوں کے دوران 5 چوری شدہ کاریں اور 2 ٹریکٹر بھی برآمد کرلیے گئے ہیں، انہیں کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر چوری شدہ و چھینی جانے والی 39 عدد موٹرسائیکلیں بھی برآمد کرلی گئیں ۔

(جاری ہے)

ڈکیت گینگز اور سٹریٹ کریمنلز کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے دوران 7 لاکھ 45 ہزار روپے نقدی، 12 تولے طلائی زیورات اور 25 موبائل فونز بھی برآمد کرلی گئی ہیں، اسی ماہ کے دوران کچے اور پکے کےمختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن بھی کیا گیا جو تا حال جاری ہے جبکہ اپنے دفتر میں سینکڑوں درخواستگزاروں، سائلین کے مسائل سنیں اور موقع پر ہی درجنوں مسائل حل کرنے کے لیےفوری احکامات جاری کیے۔