ایف آئی اے فیصل آباد کی کارروائیاں، انسانی سمگلر گرفتار ، بجلی چوروں کیخلاف 8 مقدمات درج

بدھ 24 اپریل 2024 22:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) ایف آئی اے فیصل آباد کی کارروائیاں، انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث گروہ کا اہم رکن گرفتار ، بجلی چوروں کیخلاف 8 مقدمات درج کرلئے۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث گروہ کا اہم رکن گرفتار کرلیا۔ملزم کی شناخت اسد اللہ کے نام سے ہوئی ۔

ملزم کو چھاپہ مار کاروائی میں نیو سول لائنز میں واقع ٹریول ایجنسی سے گرفتار کیا گیا۔ملزم بغیر لائسنس سادہ لوح شہریوں سے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر پاسپورٹس وصول کر رہا تھا ۔چھاپہ مار کارروائی میں ملزم سے 15 پاسپورٹس اور 9 جعلی مہریں برآمد کرلی گئیں۔ملزم برآمد ہونے والے پاسپورٹس کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔

(جاری ہے)

ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن میں ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد اور سرگودھا نے 8 کاروائیاں کیں ۔کاروائیوں کے نتیجے میں نامزد ملزمان میں فریاد علی ، ظہیر بابر، امان اللہ ، محمد شعیب ، محمد حیات کیخلاف 8 مقدمات درج کئے گئے۔چھاپہ مار کاروائیاں تحصیل اوکاڑہ ، اڈا کسان روڈ اوکاڑہ، چک نمبر 119 این بی سرگودھا ، چک نمبر 249 آر بی بلوچ والا فیصل آباد اور بھا گٹانوالہ سرگودھا میں کی گئیں ۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق مذکورہ مقامات پر ہوٹل ، گھروں دفاتر اور ٹیوب ویلز کو براہِ راست کنڈا ڈال کر اور میٹر میں چھیڑ چھاڑ کر کے چوری شدہ بجلی استعمال کی جا رہی تھی۔بجلی چوری سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے مالیت کا نقصان پہنچ رہا تھا ۔ابتدائی تخمینے کے مطابق بجلی چوری سے مجموعی طور پر قومی خزانے کو 10 لاکھ 75 ہزار روپے سے زائد کا نقصان پہنچا یا گیا۔چھاپہ مار کارروائیوں میں فیسکو حکام بھی ہمراہ تھے۔ فیسکو حکام نے موقع پر کنکشن منقطع کر کے بجلی چوری میں استعمال ہونے والی کیبلز اور دیگر سامان قبضہ میں لے لیا۔بجلی چوری میں فیسکو حکام کی معاونت کے حوالے سے بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔