یورپی یونین کا بھارت سے درآمد کی جانیوالی 527فوڈ پروڈکٹس میں زہریلے کیمیکلز کی موجودگی کا انکشاف،سنگاپور اور ہانگ کانگ نے بھی کینسر کا سبب بننے والی بھارتی مصنوعات پر پابندی عائد کر دی

بدھ 24 اپریل 2024 22:30

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) یورپی یونین نے بھارت سے درآمد کی جانیوالی 527فوڈ پروڈکٹس میں کینسر کا باعث بننے والے کیمیکلز کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یورپی فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی طرف سے جاری ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیاگیا ہے کہ بھارت سے درآمد کی جانے والی 527 فوڈ پروڈکٹس میں کینسر کا باعث بننے والے کیمیکلز موجود ہیں۔

یورپی فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی یہ رپورٹس ستمبر 2020سے روں سال اپریل کے دوران میڈیا میں شائع ہوئی ہیں جن سے بھارتی اشیائے خوردونوش کے مضر صحت ہونے کے بارے میں سوالات اٹھ گئے ہیں ۔اطلاعات کے مطابق بھارتی مصنوعات میں ایتھیلین آکسائیڈجیسا مہلک کیمیکل پایاگیا جو کہ ایورسٹ اور ایم ڈی ایچ برانڈز کے مصالحہ جات میں موجود تھا ۔

(جاری ہے)

ایتھیلین آکسائیڈ، بنیادی طور پر زراعت میں کیڑے مار اورجراثیم کش ادویات میں استعمال ہوتا ہے۔

ایتھیلین آکسائیڈ کا استعمال معدے اور چھاتی کے کینسر، پیٹ کی انفیکشن اور دیگر بیماریوں کاباعث بنتا ہے ۔واضح رہے کہ رواں ہفتے سنگاپور اور ہانگ کانگ نے بھی اتھیلین آکسائیڈکی موجودگی کی وجہ سے بھارت سے ایم ڈی ایچ پرائیویٹ لمیٹڈ اور ایوریسٹ فوڈ پروڈکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے مصالحہ جات کی درآمد پابندی عائد کی تھی ۔

متعلقہ عنوان :