پولیو کے خاتمے کے لئے ہمیں ملکر مقابلہ کرنا ہوگا، کمشنر لاڑکانہ

بدھ 24 اپریل 2024 22:40

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) کمشنر لاڑکانہ ڈویژن غلام مصطفیٰ پھل نے کہا ہے کہ پولیو ایک موذی مرض ہے ، اس کے خاتمے کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا، جہاں ٹیمیں نہیں پہنچ سکتیں اس پر توجہ دینی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس لاڑکانہ میں پولیو کے حوالے سے ڈویژنل ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس کے دوران انہوں نے تمام ڈی ایچ اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے علاقوں کے بارے میں درست رپورٹ دیں تاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچائو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ نے کہا کہ ہم نے مائیکرو پلان کے حوالے سے ڈبلیو ایچ او کو پابند کیا ہے کہ وہ اگلی مہم میں بھرپور طریقے سے کام کریں گے اور مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جیکب آباد، شکارپور اور کشمور کندھ کوٹ کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ایچ اوز نے ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کی اور اپنے اپنے اضلاع میں گزشتہ مہم کے دوران کی گئی کارکردگی سے آگاہ کیا ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قمبر شہدادکوٹ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کمشنر لاڑکانہ نے کہا کہ آپ کے اضلاع میں جو بھی مسائل ہیں جن میں سیکورٹی، ٹرانسپورٹ اور دیگر شامل ہیں، ان کی مکمل معلومات دیں تاکہ ان کو مکمل کیا جا سکے ۔ اجلاس کے دوران کمشنر نے ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کو ہدایت کی کہ تمام پی پی ایچ آئی سینٹرز یا پرائیویٹ ہسپتالوں اور میٹرنٹی ہومز میں داخل بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کو لازمی قرار دیا جائے تاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچائو کے قطروں کی ویکسین سے نہ رہ جائے۔

متعلقہ عنوان :