گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 ملزمان کو بجلی چوری کرتے ہوئے گرفتار کرلیا،ترجمان

جمعرات 25 اپریل 2024 10:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو) کی بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 5 ملزمان کو بجلی چوری کرتے ہوئے گرفتار کرلیا، مجموعی طور پر 279 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے 111 کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 7 کمرشل، 4 زرعی اور 268 ڈومیسٹک تھے۔

تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 3 لاکھ 43 ہزار 9 سو 53 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 55 لاکھ 93 ہزار 5 سو56 روپے ہے۔ بجلی چوروں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔

(جاری ہے)

باٹا پور کے علاقے میں کنکشن کو 2 لاکھ 12 ہزار 500 روپے ،ریس کورس کے علاقے میں کنکشن کو 1 لاکھ 80 ہزار روپے ، شاہدرہ کے علاقے میں ایک ملزم کو 1 لاکھ 62 ہزار روپے اور شاہدرہ میں ہی ایک اور ملزم کو 1 لاکھ 52 ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق انسداد بجلی چوری مہم کو 219 روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 74 ہزار2سو 85 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 70 ہزار 9 سو 81 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر 30 ہزار 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 8 کروڑ 99 لاکھ 33 ہزار 9 سو 50 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3ارب 35 کروڑ 45 لاکھ 39 ہزار 8سو 38 روپے ہے۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :