محکمہ تعلیم بنوں ڈویژن میں اقربا پروری اور بد عنوانی کے ثبوت ملنے پر ملوث عناصر کے خلاف کارروائی ہوگی،پرویز ثبت خیل

جمعرات 25 اپریل 2024 18:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2024ء) کمشنر بنوں ڈویژن پرویز ثبت خیل نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم بنوں ڈویژن میں اقربا پروری اور بد عنوانی کے ثبوت ملنے پر ملوث عناصر کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اس کے علاؤہ سکولوں میں تعینات مستقل اور جزوی غیر حاضر اساتذہ کی نشان دہی پر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ فعال سکولوں کی مجموعی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے اور انکو درپیش مسائل کی حل کیلئے قابل عمل تجاویز پر ہر صورت عملدرآمد ہوگا۔

جبکہ غیر فعال سکولوں کی فعالیت یقینی بنایا جائے گی۔ان خیالات کا اظہار کمشنر بنوں ڈویژن پرویز ثبت خیل نے گزشتہ روزاپنے دفتر میں ضلع بنوں، لکی مروت اور شمالی وزیرستان کی محکمہ تعلیم کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ و زنانہ کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس میں کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر آئی ایم یو کے علاؤہ تمام متعلقہ محکموں کے حکام نے بھی شرکت کی۔

کمشنر بنوں ڈویژن پرویز ثبت خیل نے کہا ہے کہ زمینی حقائق کی بنیاد پر اساتذہ کی کمی اور تعیناتیوں کو چیک کیا جائے گا۔ تاکہ تعلیم کے فروغ کا اصل مقصد پورا ہو اور پسماندہ علاقوں میں تعلیم کی روشنی پھیلنے میں رکاوٹ نہ ہو۔ اس سلسلے میں ایک کمیٹی بنائی گء جو محکمہ تعلیم میں موجود کمی اور کوتاہیوں کا جائزہ لیکر کمشنر بنوں ڈویژن کو تفصیلی رپورٹ پیش کریگا۔

اس دوران ڈسٹرکٹ ایجوکیشن مردانہ و زنانہ شمالی وزیرستان، لکی مروت اور بنوں نے کمشنر کو مجموعی صورتحال سے تفصیلی آگاہ کیا۔کمشنر بنوں ڈویژن نے خصوصی طور پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ شمالی وزیرستان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محنت اور لگن سے کام کرنے والے حکام اپنے متعین اہداف کی تکمیل کو۔ممکن بناتے ہیں۔ آخر میں کمشنر بنوں ڈویژن کی طرف سے محکمہ تعلیم کے ذمہ دار حکام کو تمام تفصیلات کی درجہ بندی آئیندہ ہفتے پیش کرنے کے احکامات صادر ہوئے۔جس کے بعد کمشنر بنوں ڈویژن کو پیش کردہ تجاویز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا رپورٹ پیش کیا جائے گا۔اس مد میں حکام بالا سے بھی خط و کتابت کیجائے گی۔ تاکہ تعلیم کے فروغ میں پیش مسائل جلد حل ہو جائیں۔