تھانہ کہوٹہ کے علاقے میں مسافر بس میں مسلح ڈکیتی کی واردات میں لاکھوں روپے مالیت کی اشیا، موبائل فون اور نقدی لوٹ لئے گئے

جمعرات 25 اپریل 2024 21:38

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2024ء) تھانہ کہوٹہ کے علاقے میں مسافر بس میں مسلح ڈکیتی کی واردات میں نامعلوم ملزمان لاکھوں روپے مالیت کی اشیا، موبائل فون اور نقدی سمیٹ کر لے گئے واردات کے دوران مزاحمت پر2مسافر شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے ایک ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیااطلاعات کے مطابق مسلح ملزمان نے حویلی آزاد کشمیر سے براستہ کہوٹہ لاہور جا نے والی مسافر بس کو دکھالی کے مقام پر روک کر گن پوائنٹ پر مسافروں سے قیمتی اشیا چھین لیں اس دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے فاروق اور اختر نامی 2مسافرزخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن فاروق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا واقعہ کیا طلاع ملتے ہی ایس ایس پی آپریشنز فلائٹ لیفٹیننٹ(ر) حافظ کامران اصغرسمیت سینئر افسران موقع پر پہنچ گئے جبکہ ڈی ایس پی کہوٹہ کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔