شافع حسین سے چینی قونصل جنرل کی ملاقات،ٹیکنیکل ایجوکیشن،زراعت،سولر اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

چینی سرمایہ کار گروپ سولر پینلز کی مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری کریں، ہرممکن سہولت دیں گے‘ صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی، زراعت، ٹیکنیکل ایجوکیشن اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے، چینی قونصل جنرل

جمعرات 25 اپریل 2024 19:20

ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرن نے ملاقات کی جس میں ٹیکنیکل ایجوکیشن،انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، سولر اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ ملاقات کے دوران پنجاب تیانج یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور چین کی حکومت کے مابین تعاون کے نئے معاہدے پر بھی بات چیت ہوئی۔

چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرن نے چوہدری شافع حسین کو وزارت صنعت و تجارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی.۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متعدد چینی کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ مزید سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے، انہوں نے کہا کہ چینیوں کی سیکورٹی اور سرمایہ کاری کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت چاہتی ہے کہ پنجاب میں سولر پینلز کے مینوفیکچرنگ پلانٹ لگیں۔چینی سرمایہ کار گروپ سولر پینلز کی مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری کریں، ہرممکن سہولت دیں گے، صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کا معیار بہتر کرکے ہنرمند افرادی قوت کو روزگار کے لئے بیرون ممالک بھجوا کر قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت نے ٹیوٹا کے اداروں اور لیبز کی اپ گریڈیشن کا پلان بنایا ہے۔

کورسز کے نصاب کو تبدیل کرکے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے۔نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کے لئے مفت آئی ٹی کورسز کرائے جا رہے ہیں۔پنجاب تیانج یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں شارٹ کورسز متعارف کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ طلبہ اور انڈسٹری کے مابین روابط بڑھائے جائینگے، چوہدری شافع حسین کہا کہ دوطرفہ تجارتی تعاون کے فروغ کیلئے تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا۔

چینی قونصل جنرل ذاؤ نے کہا کہ چین کی ذوانرجی کمپنی نے بھاول پور میں سولر پراجیکٹ لگایا ہے۔پنجاب کے ساتھ توانائی، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔چینی قونصل جنرل نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے اقدامات کو سراہا ۔سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ،سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن،چینی قونصلیٹ کے کمرشل قونصلر اور دیگر ملاقات میں موجود تھے۔