عوامی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے بغیرپائیدارترقی کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، رکن وزیراعلی بلوچستان معائنہ کمیٹی

جمعرات 25 اپریل 2024 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان معائنہ کمیٹی کے رکن امید علی کھوکھر نے کہا ہے کہ عوامی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے بغیر پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ، نصیر آباد ڈویژن کے مختلف منصوبوں کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے ، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع جعفرآباد اور ضلع صحبت پور کی مختلف ترقیاتی سکیموں کے معائنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر انہوں نے ضلع جعفرآباد میں گورنمنٹ مڈل ہائی سکول اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کے منصوبوں کا جائزہ لیا ۔ ایس ڈی او عاشق علی چنہ نے انہیں مکمل ہونے والے اور زیر تعمیر منصوبے کے متعلق آگاہی فراہم کی جبکہ انہوں نے صحبت پور دورے کے موقع پر گورنمنٹ بوائز ہائی سکول جیانی کے کام کا بھی معائنہ کیا ۔

(جاری ہے)

ایس ڈی او بلڈنگ عبدالستار بنگلزئی اور انجینئر رفیق عمرانی نے انہیں منصوبے کے مختلف حصوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی ۔

دورے کے موقع پر سی ایم آئی ٹی کے رکن امید علی کھوکھر نے زیر تعمیر گوٹھ حاجی بوستان روڈ کا کام چیک کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت امداد علی کھوسہ ، خالد علی چنہ ، ایس ڈی او منظور احمد کھوسہ ، محمد زکریا سمیت دیگر افسران موجود تھے ۔ امید علی کھوکھر نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ اپنے فرائض پر خصوصی توجہ دیں جو سکیمیں زیر تعمیر ہیں انہیں پی سی ون کے مطابق تکمیل کے مراحل تک پہنچائیں ، فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :