جدہ ، مساجد کی بجلی چوری کا انکشاف

جمعہ 26 اپریل 2024 09:00

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) سعودی وزارت اسلامی امورو دعوت و رہنمائی نے کہا ہے کہ جدہ میں نگراں ٹیموں نے متعدد مساجد کی بجلی اور پانی کی چوری کا انکشاف کیا ہے۔عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت اسلامی امورو دعوت و رہنمائی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزیوں میں وزارت کے نام پر جاری کرائے گئے 7 بجلی کے میٹروں کے کمرشل ٹاور اور اردگرد کی دکانوں کو بجلی کی فراہمی کو پکڑا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کمرشل ٹاور میں نصب لفٹ کو بھی چلانے کے لیے بجلی وزارت کے میٹر سے فراہم کی جا رہی تھی۔وزارت نے کہا کہ مسجد کو فراہم کی جانے والی بجلی کے تار زیر زمین کھینچے گئے تھے۔ علاوہ ازیں مسجد میں خواتین کی نماز کی جگہ پر بھی تجاوزات پکڑی گئی ہیں۔ خواتین کے مصلے کی جگہ کو چھوٹا کر کے اسے دکان بنا کر کرائے پر دیا گیا تھا۔وزارت کی ٹیموں نے خلاف ورزیوں کا پتا لگانے کے بعد بجلی کمپنی سے رابطہ کر کے معاملات حل کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے اور بل کی ادائیگی تمام ذمہ داران سے کرائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :