درس و تدریس شیوہ پیغمبری ہے، اس شعبے سے وابستہ ہونا باعث سعادت ہے، پیر فرحت حسن رضوی

بچوں کی دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن و سنت کی روشنی میں کردار سازی کی جائے،اساتذہ سے خصوصی گفتگو

جمعہ 26 اپریل 2024 13:20

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) آستانہ عالیہ بریلی شریف سے پیر محمد فرحت حسن رضا خان رضوی نے کہاہے کہ مہذب اور تعلیم یافتہ معاشرے کی تعمیر میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے،درس و تدریس شیوہ پیغمبری ہے، اس شعبے سے وابستہ ہونا باعث سعادت و اعزاز ہے،اللہ تعالی نے انسانوں کو جہالت کے اندھیروں سے نکالنے اور انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے انبیائ کرام کو مبعوث فرمایا جنہوں نے درس و تدریس کے ذریعے انسانیت کو جہالت کی پستیوں سے نکال کر آسمان کی بلندیوں تک پہنچایا،،وہ گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول چہور سکھاں میں اساتذہ سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے،پیر فرحت حسن رضا خان رضوی نے ہیڈ ماسٹر محمد شہبازمرزا کو قائد اعظم گولڈ میڈل ملنے پر مبارکباد اور گلدستہ دیا،ادارہ کیلئے خصوصی دعائ کی،اس موقعہ انجمن میلاد مصطفیٰ کے صدر محمد ضیائ المصطفیٰ رضوی، محمد شاہد رضا رضوی آف سرگودھا اور قاری بلال حبیب بھی موجود تھے،پیر محمد فرحت حسن رضا خان رضوی نے مزید کہا کہ اصل علم تو دینی تعلیم ہے،یہی علم ِدین انسان کو گمراہی سے ہدایت تک پہنچاتا ہے، تاریکی کے اندھیروں سے نکال کر نور ہدایت سے روشناس کرتا ہے،اسی علم دین سے وابستگی نے قومِ مسلم کو ہرمحاذ پر کامیاب کیا، مگر موجودہ دور میں دینی تعلیمات سے نا آشنائی اتنی بڑھ چکی ہے کہ بہت سارے لوگ والدین اور ہمسایوں کے حقوق،وضو نماز دیگر فرائض سے بھی ناواقف ہیں جو باعث افسوس بات ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ طلبا و طالبات کو دنیاوی تعلیم سے زیادہ دینی تعلیم پر توجہ دی جائے اور قرآن و سنت کی روشنی میں بچوں کی کردار سازی کی جائے،انہوں نے کہا کہ معلم اعظم حضور اکرم کا اسوہ حسنہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے، ہم بحیثیت استاد اور معلم نبی پاک کی زندگی کو آئیڈیل بنا کر درس و تدریس کا موثرکام سر انجام دے سکتے ہیں، نبی کریم نے فرمایا مجھے معلم بنا کر بھیجا گیا ہے، اساتذہ اسی پیشے سے منسلک ہوتے ہیں یہ ایک فخر کی بات ہے۔

متعلقہ عنوان :