گندم کی کٹائی کے بعد ناڑ کو ہرگز آگ نہ لگائیں بلکہ زمین میں دبا دیں،ڈاکٹر محمد نوید افضل

جمعہ 26 اپریل 2024 14:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان ڈاکٹر محمد نوید افضل نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ گندم کی کٹائی کے بعد ناڑ کو آگ ہرگز نہ لگائیں بلکہ اسے زمین میں دبا دیں تاکہ زمین میں نامیاتی مادے میں اضافہ ہوسکے ۔کاشتکاروں کے نام جاری اپنے ایک اہم پیغام میں انہوں نے کہا کہ ناڑ کو زمین میں دبانے کے بعد گلنے سڑنےکے عمل کو تیز کرنے کے لئے کا شتکار آدھی بوری یوریا استعمال کریں اور زمین کو پانی لگا دیں اس سے زمین کی زرخیزی میں اضافہ ہوتا ہے اور بہتر پیداوار حاصل ہوگی۔

انہوں نے کہا ہے کہ کاشتکار جتنی جلد ہوسکے کپاس کی بجائی مکمل کرلیں اور تاخیر بالکل نہ کریں،کاشتکارکپا س کی کاشت سے پہلے زمین کے تجزیہ کے ساتھ پانی کا تجزیہ بھی لازمی کرائیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نوید افضل نے مزید کہا ہے کہ ٹیوب ویل کا پانی کھارا ہونے کی صورت میں کاشتکار اس میں جپسم کا استعمال کریں،اگر زمین کمزور ہے تو اس میں 10ٹرالی گلی سڑی کھاد فی ایکڑ کے حساب سے ڈالیں،کاشتکار بیماریوں سے پاک صحتمند بیج کی کاشت کریں اور کاشت سے پہلے اس کا اگاؤ ضرور معلوم کریں۔انہوں نے کہا ہے کہ کپاس کے کاشتکار صرف منظور شدہ کپاس کی اقسام ہی کاشت کریں اور بیج ہمیشہ مستند ڈیلرز اور رجسٹرڈ کمپنیوں سے ہی خریدا جائے۔

متعلقہ عنوان :