پی جی ایم آئی کا اعزاز ،5 خواتین ڈاکٹرز کی پروفیسر کے عہدہ پر ترقی

ایسو سی ایٹ پروفیسرز نے سٹوڈنٹس کی تعلیم و تربیت اور پیتھالوجسٹ تیار کرنے میں نمایاں خدمات سر انجام دیں ‘پروفیسر الفرید ظفر

ہفتہ 27 اپریل 2024 15:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ /امیر الدین میڈیکل کالج کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہوا ہے کہ ادارے میں ایسوی ایٹ پروفیسر آف پیتھالوجی کے عہدے پر خدمات سر انجام دینے والی 5خواتین ڈاکٹرز جن میں ڈاکٹر سادیہ انور ،ڈاکٹر رابعہ بشارت، ڈاکٹر فقیہہ رحمان، ڈاکٹر ارم اقبال اور ڈاکٹر کوکب جبین شامل ہیں کو حکومت پنجاب نے پروفیسرآف پیتھالوجی )گریڈ(20کے عہدہ پر ترقی دینے کی منظوری دے دی۔

پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفرنے ترقی پانے والی پروفیسرز کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے مستقبل کی ذمہ داریوں کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ میڈیکل پروفیشن میں پیتھالوجی کا شعبہ انتہائی اہم تصور کیا جاتا ہے کیونکہ امراض کی تشخیص اور علاج کا ذیادہ انحصار پیتھالوجی کی رپورٹس پر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پروفیسرز کے عہدے پر ترقی پانے والی لیڈی ڈاکٹرز نے پی جی ایم آئی/اے ایم سی میں سٹوڈنٹس کی تعلیم و تربیت اور پیتھالوجی کے شعبے میں سپیشلسٹ تیار کرنے میں نمایاں خدمات سر انجام دی ہیں۔

پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے اس توقع کا اظہار کیا کہ مذکورہ پروفیسرز پیتھالوجی کے شعبے میں ینگ ڈاکٹرز کی تعلیم و تربیت اور تحقیق میں ان کی رہنمائی کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گی اور دکھی انسانیت کے مشن کو آگے بڑھاتی رہیں گی۔