چائنا ایسٹرن ایئر لائنز کی پہلی پرواز شنگھائی سےسعودی دارالحکومت ریاض پہنچ گئی

پیر 29 اپریل 2024 10:20

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) چینی فضائی کمپنی چائنا ایسٹرن ایئرلائن کی شنگھائی سے پہلی پرواز ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ گئی ۔ اردو نیوز کے مطابق لینڈنگ پر طیارے کا استقبال واٹر کین کے ذریعے کیا گیا اور اس موقع پرجنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن، ایئرکنیکٹیویٹی پروگرام، سعودی ٹورازم اتھارٹی، مطارات الریاض، چینی ایئرلائن اور اعلی عہدیدار موجود تھے ۔

مطارات الریاض کمپنی کے سی ای او ایمن بن عبدالعزیز ابو عباۃ نے توقع ظاہر کی کہ چین اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا اور چینی سیاح مملکت آئیں گے۔ جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے صدر عبدالعزیز بن عبداللہ الدعیلج کے چین کے دورے کے نتیجے میں ایئرلائنز کی آج پہلی پرواز کی ابتدا ہے۔

(جاری ہے)

چائنا ایسٹرن ایئرلائنز شنگھائی کے پوڈونگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ کے لیے ہفتے میں تین پروازیں چلائے گی۔

اس روٹ سے سالانہ نشستوں کی گنجائش بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ابتدائی طور پر چین سے سعودی عرب 35880 مسافر آئیں گے۔ ایئر کنیکٹیویٹی پروگرام کے سی ای او ماجد خان نے وضاحت کی شنگھائی اور ریاض کو ملانے کے لیے ایک نیا راستہ کھل گیا ہے۔سعودی ٹورازام اتھارٹی کے سی ای او اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن فہد حمید الدین نے کہا کہ چین اس وقت سب سے اہم بین الاقوامی مارکیٹ ہے۔

علاوہ ازیں چائنا ایسٹرن ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ شنگھائی، ریاض پروازوں کے ٹکٹ فروخت کے لیے دستیاب ہیں۔ ایئرلائن کی آفیشنل ویب سائٹ یا ایپ پر لاگ ان ہوکر تمام تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے گزشتہ سال’’ویلکم چائنیز‘‘ سرٹیفکیٹ حاصل کیا تھا۔ یہ سرٹیفکیٹ بنیادی طور پر چینی سیاحوں کو فراہم کردہ معیاری سفری خدمات پر مبنی ہے جن میں چینی زبان میں رہنما بورڈ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ چائنا ایسٹرن ایئرلائنز چین کی سب سے بڑی ایئرلائنز میں سے ایک ہے, یہ 1957 میں قائم ہوئی تھی۔ یہ کمپنی شنگھائی اور ہانگ کانگ سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ ہے اور اس کے بیڑے میں 800 طیارے شامل ہیں۔