کے آئی یو غذر کیمپس میں رنگارنگ سپورٹس ویک کا آغاز

منگل 30 اپریل 2024 21:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی غذر کیمپس میں رنگارنگ سپورٹس ویک کا آغاز ہوگیا۔ شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق سپورٹس ویک میں طلباء نے اپنی ٹیموں کی حو صلہ افزائی کے لئے شعبہ جات سے نعرہ بازی کرتے ہوئے ریلی کی شکل میں گراؤنڈ کی طرف مارچ کیا۔ریلی میں طلبہ وطالبات نے شعبہ جاتی جھنڈے،پوسٹرز سمیت رنگ برنگ ملبوسات زیب تن کئے ہوئے تھے۔

سپورٹس ویک کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ضلع غذر کے ڈپٹی کمشنر حبیب الرحمن تھے۔ان کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ کے اراکین، ڈائریکٹر غذر کیمپس ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شہاب الدین و دیگریونیورسٹی کے سینئر انتظامی وتدریسی افسران سمیت طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنرغذر نے باقاعدہ والی بال میچ سے آغاز کیا۔ جس کے بعد افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر غذر حبیب الرحمن نے ہفتہ کھیل کے بہترین انتظامات کرنے پر سپورٹس کمیٹی کے اراکین کی کوششوں کو سراہااور کھیل کو انسانی صحت کے لیے لازمی جز قرار دیتے ہوئے کہاکہ طلبا ء کھیل کو کھیل کی حد تک نہ رکھیں بلکہ اس کو قیام امن،بھائی چارگی کے فروغ اور رویوں میں تبدیلی کا ذریعہ بنائیں۔

ڈائریکٹر غذر کیمپس ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شہاب الدین نے کہاکہ غذر کیمپس طلبا ء کے لیے بہترین نصابی سرگرمیوں سمیت ہم نصابی مواقع بھی باہم فراہم کررہی ہے۔جس کا ثبوت کیمپس میں جاری ہفتہ کھیل سے لگا سکتے ہیں۔ یاد رہے ہفتہ کھیل اگلے 5 دن تک جاری رہے گا۔جس میں یونیورسٹی کے شعبہ جاتی ٹیموں کے مابین کرکٹ،فٹ بال،والی بال،باسکٹ بال،رسہ کشی اور بیڈ منٹن کے مقابلے ہوں گے۔