عالمی عدالت نے جرمنی کے خلاف درخواست پر فیصلہ سنا دیا

غزہ جنگ کے حوالے سے عالمی عدالت نے مقدمہ خارج کرنے کی جرمنی کی درخواست بھی رد کردی

بدھ 1 مئی 2024 12:30

مقبوضہ غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں نسل کشی کی حمایت پر جرمنی کے خلاف نکاراگوا کی درخواست پر جرمنی کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نکارگوا کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ جرمنی، اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرکے 1948 کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا تھا کہ اسرائیل کو پہلے سے بھیجے گئے ہتھیار انسانی حقوق خلاف ورزیوں میں استعمال نہ ہونے کو یقینی بنایا جائے۔ غزہ میں نسل کشی کرنے پر جنوبی افریقا بھی عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف مقدمہ کر چکا ہے جس کے ابتدائی فیصلے میں عالمی عدالت نے اسرائیل کو پابند کیا تھا کہ غزہ میں نسل کشی کے زمرے میں آنے والا کوئی بھی اقدام نہ کیا جائے۔عدالت نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کے لیے جرمنی کے خلاف ہنگامی اقدامات کرنے کی نکارگوا کی درخواست مسترد کر دی۔عالمی عدالت نے مقدمہ خارج کرنے کی جرمنی کی درخواست بھی رد کردی۔