جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج کی طالبہ آمنہ انور نے معرکہ سر کر لیا

ایم بی بی ایس کے امتحان میںپنجاب کے 44میڈیکل کالجز میں سے آمنہ انور نے دوسری پوزیشن حاصل کی

ہفتہ 11 مئی 2024 15:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2024ء) لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج کی ہونہار طالبہ آمنہ انور نے معرکہ سر کر لیااور 4thائیر پروفیشنل ایم بی بی ایس کے امتحانات میں حصہ لینے والے پنجاب کے 44میڈیکل کالجز میں سے دوسری پوزیشن حاصل کر کے اے ایم سی کے اساتذہ کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے جبکہ اسی کالج کے 36دیگر طلبا نے بھی امتیازی نمبروں سے امتحان پاس کیا۔

اس حوالے سے ایل جی ایچ میں تقریب منعقد کی گئی۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے آمنہ انور کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا اور مبارکباد دی ۔ اس موقع پر کالج کے فیکلٹی ممبران، ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر فریاد حسین اور طلباء و طالبات کثیر تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ طالبہ آمنہ انور نے پنجاب میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے نہ صرف اساتذہ بلکہ اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کرنے کے علاوہ طب کے میدان میں امیر الدین میڈیکل کالج کا نام روشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ امیر الدین میڈیکل کالج نے اپنے ابتداء سے ہی میڈیکل تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور پی جی ایم آئی کے پروفیسر صاحبان نے اپنی محنت اور کاوشوں سے قابل ڈاکٹرز تیار کرنے کی اپنی روایت کو برقرار رکھا ہے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ آئندہ بھی دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے بہترین معالجین تیار کرنے کا مشن جاری رکھا جائے گا۔