کالاش تہوار ’’چلم جوشٹ‘‘ پورے جوش و خروش کیساتھ وادی رمبور کے معروف ڈانسنگ پلیس (چھارسو) گروم میں شروع ہوگیا

منگل 14 مئی 2024 15:28

کالاش تہوار ’’چلم جوشٹ‘‘ پورے جوش و خروش کیساتھ وادی رمبور کے معروف ..
چترال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) قدیم تہذیب سے تعلق رکھنے والی کالاش تہوار ’’چلم جوشٹ‘‘ پورے جوش و خروش کے ساتھ وادی رمبور کے معروف ڈانسنگ پلیس (چھارسو) گروم میں شروع ہوگیا ۔ جس میں مقامی کالاش قاضیوں کی ہدایات کے مطابق رسومات کی ادائیگیاں کی گئیں ۔ کالاش خواتین کی کشیدہ کاری سے مزین لباس دیکھنے سے تعلق رکھتی تھیں ۔

جنہیں زیب تن کئے کالاش جوانسال خواتین نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا ۔ اور فیسٹول کی رنگینیوں کو چار چند لگا دیا ۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے آفیسران ،کالاش ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ممبران ، سابق معاون خصوصی وزیر اعلی وزیر زادہ اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔ ضلعی انتظامیہ نے حسب روایت فیسٹول کیلئے فل پروف سکیورٹی کا انتظام کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اور سیاحوں کی رہنمائی کیلئے ٹورزم پولیس خدمات سر انجام دے رہی ہے ۔ چلم جوشٹ کالاش قبیلے کا سب سے قدیم تہوار ہے ۔ جو سردیوں کے کئی مہینے گزارنے کے بعد بہار کی آمد اور مال مویشیوں کے دودھ کی فراوانی اور نئی فصلوں کی تیاری کی خوشی میں منایا جاتا ہے ۔ چیرک پی پی (چھیر پیئک )اس کی پہلی رسم ہے ۔ جسے اداکیا گیا ۔ اور گھروں کو مقامی پھول بھیشہ (بھیشو ) سے سجایا گیا تھا ۔

جبکہ چھاسو میں اخروٹ کی ٹہنیاں ہاتھ میں لئے ڈانس کرنا اس تہوار کی معروف رسم ہے ۔ تہوار چلم جوشٹ کے بعد کالاش لوگ اپنے مال مویشیوں کو بالائی گرمائی چراگاہوں کی طرف لے جاتے ہیں ۔ جہاں دودھ اور اس سے بننے والی مصنوعات کی فراوانی ہوتی ہے ۔ فیسٹول میں شرکت کیلئے ہزاروں کی تعداد میں سیاح تینوں وادیوں میں موجود ہیں ۔ اور وادیوں کے تمام ہوٹل سیاحوں سے بھرے ہوئے ہیں ۔جن ملکی اور غیرملکی سیاح شامل ہیں ۔فیسٹول تین دن جاری رہے گا 15 اور 16مئی کو بمبوریت میں منایا جائے گا ۔ اور فیسٹول کی سب سے بڑی تقریب بتریک ڈانسنگ پلیس میں ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :