منہاج القرآن لاہور کا اجلاس،ڈاکٹر سلطان محمود چودھری سینئر نائب صدر اور محمد امجد قادری نائب صدرمقرر

منگل 14 مئی 2024 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) تحریک منہاج القرآن لاہور کا اجلاس منگل کے روز یہاں مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں لاہور کے ضلعی عہدیداران،پی پی صدور و ناظمین نے شرکت کی۔منہاج القرآن لاہور کے صدرپروفیسر ذوالفقار علی نے تحریک منہاج القرآن کے سینئر رہنما ڈاکٹر سلطان محمود چودھری کو سینئر نائب صدر لاہورمحمد امجد قادری کو نائب صدر،محمد طارق الطاف کو سینئر نائب ناظم لاہور،ناظم علی اعوان کو نائب ناظم،ممتاز خان کچھی کو نائب ناظم مالیات،معراج خالد کو ناظم نشر و اشاعت و سوشل میڈیا لاہور مقرر کر دیا ہے۔

پروفیسر ذوالفقار علی نے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی و تحقیقی مساعی فروغ عشق مصطفی ۖ اور فروغ علم و امن، اتحاد بین المسلمین کیلئے ہیں۔

(جاری ہے)

تعلیم،کردار سازی اور اخلاقی اقدار کو فروغ دے کر تنگ نظری و متعصبانہ رویوں کو بدلنا ہو گا۔ڈاکٹر محمدطاہر القادری نے آنے والے 5سالوں میں ملک میں 25ہزار مراکز علم کے قیام کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے ہر گھر کومرکز علم بنایا جائے گا۔ان مراکز علم میں لوگوں کی اخلاقی و روحانی تربیت اور کردار سازی پر فوکس کیا جائے گا۔پروفیسر ذوالفقار علی نے کہا کہ نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا پیغام لاہور کی ہر یونین کونسل اور ہر گھر تک پہنچایا جائے گا۔

اس موقع پر نومنتخب عہدیداران نے ذمہ داریاں ملنے پر اس عزم کا اظہار کیا کہ فی زمانہ نفرتوں کے خاتمے کیلئے کام کرنا اللہ رب العزت کی طرف سے بہت بڑی توفیق اور سعادت ہے، ان شائاللہ قیادت نے جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ نومنتخب عہدیداران کو نائب ناظم اعلی علامہ رانا محمد ادریس، منہاج القرآن لاہور کے ناظم امجد حسین چودھری و دیگر رہنمائوںنے مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔