ماہرین فلکیات کی بین الاقوامی ٹیم نے زمین کے سائز کا ایک اور سیارہ دریافت کر لیا

جمعرات 16 مئی 2024 14:34

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) ماہرین فلکیات کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے زمین کے سائز کا ایک اور سیارہ دریافت کیا ہے جس کی ایک طرف سورج کبھی غروب نہیں ہوتا اور دوسری طرف کبھی طلوع نہیں ہوتا ۔ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق یہ سیارہ زمین سے 55 نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے اور ایک چھوٹے ستارے کے گرد مدار میں گردش کر رہا ہے ۔

اپنی یہ گردش یہ سیارہ صرف 17 گھنٹے میں مکمل کر لیتا ہے جس کی وجہ سے اس کا ایک سال ہمارے محض 17 گھنٹے کے برابر ہے۔ زمین کے چاند کی طرح اس سیارے کا صرف ایک رخ سورج کے سامنے اور دوسرا رخ ہمیشہ اندھیرے میں رہتا ہے۔ نئے دریافت شدہ سیارے کو ’’سپیکیولوس -3بی ‘‘کا نام دیا گیا ہے۔اس کے سورج جس کا نام سپیکیولوس -3 ہے کا حجم ہمارے نظام شمسی کے سیارے مشتری کےبرابر ہے لیکن اس کا درجہ حرارت ہمارے سورج کے درجہ حرارت سے نصف ہےجبکہ اس کی روشنی ہمارے سورج کی روشنی کا سوواں حصہ ہے۔

(جاری ہے)

سائنسدانوں کے مطابق الٹرا کول بونے ستارے کائنات کے سب سے چھوٹے اور ٹھنڈے ستارے ہیں، جن کی عمر سورج سے سو گنا زیادہ ہے۔ ان ستاروں کی کم روشنی کی وجہ سے ان کے گرد ممکنہ گردش کرنے والے سیاروں کے بارے میں بہت کم معلوم ہے۔یہ دریافت ایک پروجیکٹ جس کو مختصراً سپیکیولوس کا نام دیا گیا ہے، کے ذریعے کی گئی تھی ۔ اس پروجیکٹ کی قیادت بیلجیم کی لیج یونیورسٹی کے ماہر مائیکل گلون کر رہے ہیں۔ اس سیارے اور اس کے سورج کے مزید مطالعے کے لئے جیمز ویب ٹیلی سکوپ سے مدد لی جائے گی۔\932

متعلقہ عنوان :