چین کا عراق کی خودمختاری کے احترام اور علاقائی استحکام پر زور

جمعہ 17 مئی 2024 14:20

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) چین نے عراق کی خودمختاری کے احترام اور علاقائی استحکام پر زور دیا ہے۔ شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے گینگ شوانگ نے گزشتہ روز عراق کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی مشن (یواین اےاین آئی ) بارے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی بریفنگ کے دوران عراق کی خودمختاری اور امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے علاقائی تعاون کی کوششوں کے لیے چین کی حمایت پر زور دیا۔

انہوں نے عراق میں اتحاد اور مفاہمت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین کے درمیان مضبوط اتحاد اور قومی ترقی کے لیے مفاہمت کا حصول عراق کے عوام کے بنیادی مفادات میں ہے۔انہوں نے عراق کی مرکزی حکومت اور کردستان کے علاقے کے درمیان دیرینہ مسائل کے حل اور پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے جاری رابطے کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں عراق کے اہم کردار اور اس کو درپیش مسلسل سکیورٹی خطرات کا اعتراف بھی کیا۔

انہوں نے عراق کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو تقویت دینے کے لیے مسلسل بین الاقوامی حمایت کی ضرورت پر زور دیا اور شام میں الہول کیمپ سے شہریوں کی وطن واپسی اور آبادکاری کے لیے عراق کے اقدامات کا خیرمقدم کیا۔انہوں نے چین کے سفارتی موقف کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین اچھے ہمسایہ اور دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے اور علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ تحفظ کے لیے عراق اور علاقائی ممالک کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ عراق کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کا احترام کریں، عراقی حکومت کے ساتھ تعاون کے ذریعے خدشات کو دور کریں اور ایسے یکطرفہ اقدامات سے گریز کریں جس سے کشیدگی میں اضافہ ہو۔

متعلقہ عنوان :