بھارت، بچی کی انگلی کی بجائے زبان کا آپریشن کرنے والا ڈاکٹرمعطل

بچی کے ہاتھ پر چھٹی انگلی ہونے کی شکایت پر اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا،بھارتی میڈیا

جمعہ 17 مئی 2024 17:27

بھارت، بچی کی انگلی کی بجائے زبان کا آپریشن کرنے والا ڈاکٹرمعطل
کیرالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) بھارتی ریاست کیرالہ کی لڑکی کو انگلی کے آپریشن کے لیے اسپتال لایا گیا جہاں سرجن نے غلطی سے لڑکی کی زبان کا آپریشن کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالہ میں ایک سرکاری اسپتال کے ڈاکٹر کو اس وقت معطل کردیا گیا جب اس نے ایک بچی کے ہاتھ کی چھٹی انگلی کے بجائے اس کی زبان کا آپریشن کر دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس واقعے کے بعد ڈاکٹر کو معطل کر دیا گیا ہے۔بچی کے ہاتھ پر چھٹی انگلی ہونے کی شکایت پر اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، آپریشن تھیٹر سے باہر آنے پر اہل خانہ یہ جان کر حیران رہ گئے کہ ان کی بچی کی انگلی کا نہیں بلکہ زبان کا آپریشن کر دیا گیا ہے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے متاثرہ بچی کے والدین نے ڈاکٹر پر الزام لگایا کہ جب اس معاملے سے متعلق انہوں نے سرجن سے بات کی تو ڈاکٹر نے جھوٹا دعوی کیا کہ بچی کے منہ کے اندر ایک رسولی کی تشخیص ہوئی تھی جس کی وجہ سے زبان کی سرجری کرنا پڑی۔

(جاری ہے)

متاثرہ بچی کے خاندان نے اپنی بیٹی کے منہ میں رسولی کی تشخیص کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ لڑکی کی زبان میں کوئی مسئلہ نہیں تھا، یہ ڈاکٹر کی لاپرواہی ہے جو کہ شرمناک ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔دوسری جانب خاندان کے ایک فرد نے میڈیا کو بتایا کہ اسپتال انتظامیہ سے بات کرنے پر اسپتال کے عملے نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ سرجری غلط فہمی کا نتیجہ تھی کہ کیوں کہ دو بچوں کی سرجری ایک ہی تاریخ کو طے کی گئی تھی جس کی وجہ سے سرجن سے یہ غلطی ہوئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق غلط آپریشن کرنے والے ڈاکٹر کو معطل کر کے اس کے خلاف خاندان کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :