ڈینگی وائرس سے نمٹنے کیلئے ابھی سے ہی تمام محکمہ جات کو متحرک ہونا پڑے گا‘خواجہ سلمان رفیق

سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مشتبہ، پروب ایبل اور کنفرم مریضوں کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے

پیر 20 مئی 2024 16:54

ڈینگی وائرس سے نمٹنے کیلئے ابھی سے ہی تمام محکمہ جات کو متحرک ہونا پڑے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں ماسٹر ٹرینرز کی بطور ضلعی اینٹومولوجسٹس کے تربیتی سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر یونس، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر زرفشاں طاہر، پروفیسر انجم اور صوبہ بھر سے اینٹومولوجسٹس نے شرکت کی۔

فیکلٹی ممبران نے اس موقع پر ڈینگی سے بچاؤ کیلئے انسدادی کارروائیوں بارے آگاہی فراہم کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تمام اینٹومولوجسٹس کے سوالات کے جوابات دیئے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ڈینگی وائرس سے نمٹنے کیلئے ابھی سے ہی تمام محکمہ جات کو متحرک ہونا پڑے گا۔

(جاری ہے)

یہاں بیٹھے اینٹومولوجسٹس ٹیکنیکل لوگ ہیں۔

سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مشتبہ، پروب ایبل اور کنفرم مریضوں کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پاکستان ریلوے، ڈی ایچ اے اور پی ایچ اے کے محکمہ جات کو متحرک ہونا ہوگا۔صوبائی وزیر صحت نے عوام سے ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے کی گزارش کی اور کہاکہ ڈینگی سیزن سے پہلے ہمیں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا۔ ہاٹ سپاٹس کی سرویلنس انتہائی اہم ہے۔ اینٹومولوجسٹس اپنے علاقہ جات میں ڈینگی سے متعلق آگاہی فراہم کریں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تربیتی سیشن کے انعقاد پر انتظامیہ کو شاباش دی۔