ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ایران کے صدر کا جسد خاکی مل گیا

ہلال احمر نے ابراہیم رئیسی اور دیگر جاں بحق افراد کی لاشوں کی تبریز منتقلی کے بعد سرچ آپریشن کے اختتام کا اعلان کردیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 مئی 2024 14:38

ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ایران کے صدر کا جسد خاکی مل گیا
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2024ء ) ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا جسد خاکی مل گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق ایرانی ہلال احمر نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر سمیت دیگر جاں بحق افراد کے جسد خاکی ہیلی کاپٹر کے ملبے سے ملنے کی تصدیق کی ہے، ایرانی ہلال احمر کے سربراہ پیرحسین کولیوند کا کہنا ہے کہ میتوں کو تبریز منتقل کیا گیا ہے، کچھ لاشیں جل کر ناقابل شناخت ہوگئی ہیں، ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے والے مقام سے ابراہیم رئیسی اور دیگر جاں بحق افراد کی لاشوں کی منتقلی کے بعد سرچ آپریشن کا اختتام ہو گیا۔

ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ نے صدارتی ہیلی کاپٹر کی تلاش کے آپریشن میں دو ہزار سے زائد فوجیوں کی شرکت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ گر کر تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کی تلاش کے آپریشن میں کسی بھی بیرونی ملک کی صلاحیت اور آلات استعمال نہیں کیے گئے، اس آپریشن کا سارا عمل ہلال احمر ایران کی مہارت اور آلات کا استعمال کرتے ہوئے انجام دیا گیا۔

(جاری ہے)

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے بعد ملک کے نائب صدر محمد مخبر کو 2 ماہ کے لیے ملک کا عبوری صدر نامزد کردیا گیا ہے، محمد مخبر کی بطور عبوری صدر تقرری کا اعلان ملک کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی منظوری کے بعد کیا گیا، ایران کے آئین کے تحت ملک میں 50 دن کے اندر دوبارہ صدارتی انتخاب کروایا جائے گا، اسلامی جمہوریہ ایران کے آئین کے آرٹیکل 131 کے تحت صدر کی موت کی صورت میں ان کا نائب قیادت کی منظوری سے اپنے اختیارات اور ذمہ داریاں سنبھالتا ہے اور اسمبلی کے سپیکر، عدلیہ کے سربراہ اور عبوری صدر زیادہ سے زیادہ 50 دنوں کے اندر نئے صدر کے انتخاب کا انتظام کرنے کے پابند ہیں۔