پاکستان میں عیدالاضحٰی کی ممکنہ تاریخ بتا دی گئی

حج بیت اللہ کی آمد میں ایک ماہ سے کم وقت باقی رہ گیا، پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید قربان کی تیاریاں شروع کر دی گئیں

muhammad ali محمد علی پیر 20 مئی 2024 19:28

پاکستان میں عیدالاضحٰی کی ممکنہ تاریخ بتا دی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2024ء) پاکستان میں عیدالاضحٰی کی ممکنہ تاریخ بتا دی گئی، حج بیت اللہ کی آمد میں ایک ماہ سے کم وقت باقی رہ گیا۔ ماہ ذی القعدہ کا پہلا عشرہ گزر جانے کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید قربان کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ جبکہ ماہرین فلکیات نے عیدالاضحٰی کی تاریخ سے متعلق پیشن گوئی بھی کر دی۔ ماہرین فلکیات کے مطابق پاکستان میں عیدالاضحؑی17 جون کو ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ ذی القعدہ کا مہینہ اگر 29 دنوں پر مشتمل ہوا تو ماہ ذوالحجہ 1445 ہجری کا آغاز 8 جون کو ہوگا اس طرح عیدالاضحیٰ 17 جون بروز پیر کو منائی جائے گی۔ اور اگر ذی القعدہ کا مہینہ 30 ایام کا ہوا توماہ ذوالحجہ 1445 ہجری کا آغاز 9 جون کو ہوگا اس طرح عیدالاضحیٰ 18 جون بروز منگل کو ہوگی۔

(جاری ہے)

تاہم ماہرین فلکیات کے مطابق قوی امکان ہے کہ پاکستان میں عیدالاضحیٰ 17 جون کو ہی ہوگی۔

دوسری جانب مصر میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ایسٹرانومیکل اینڈ جیو فزیکل ریسرچ کے سربراہ نے کہا ہے کہ رواں ہجری سال 1445 میں فلکیاتی اعتبار سے ذوالقعدہ کے دن 29 ہوں گے۔العربیہ کے مطابق طہ رابح نے ذو القعدہ کے مہینے کا چاند 8 مئی بدھ کو 29 شوال کو قاہرہ کے مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوا۔ اس دن نیا ہلال غروب آفتاب کے بعد 31 منٹ تک مکہ میں اور قاہرہ میں 38 منٹ تک موجود رہا۔

عرب جمہوریہ مصر کے باقی گورنریٹس میں نیا ہلال 32 سے 40 منٹ تک آسمان پر موجود رہا۔ عرب اور اسلامی دارالحکومتوں اور شہروں میں نیا ہلال اس دن غروب آفتاب کے بعد 8 سے 48 منٹ تک رہا۔ فلکیات کے ادارے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ماہ ذوالحجہ 1445 ہجری کا آغاز فلکیات کے لحاظ سے جمعہ 7 جون 2024 کو ہوگا۔ فلکیات کے انسٹی ٹیوٹ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ سال 1445 ہجری کے لیے یوم عرفات 15 جون اور عید الاضحی 16 جون کو ہوگی۔